اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی۔ لاہور ہائی کورٹ میں نئی عدالتوں کے قیام کے لیے 6 ارب 72 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ دھرم پورہ میں بیچلرز ہاسٹل اور جوڈیشل ریسٹ ہاؤس کے قیام کے لیے 3.87 ارب روپے اور ایم پی اے ہاسٹل میں پارکنگ مینجمنٹ سسٹم اور دیگر سہولیات کے لیے 1.14 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
سیالکوٹ میں جنرل بس سٹینڈ کی تعمیر کے لیے 700 ملین روپے، لینڈ فل سائٹس کی نشاندہی اور ان کے قیام کے لیے 4.35 ارب روپے، جنوبی پنجاب میں چائلڈ ہیلتھ کی سہولیات اور ملتان میں چلڈرن ہسپتال میں سہولیات کی فراہمی کے لیے 6.47 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف شہروں میں سیوریج، سولنگ اور سیلابی پانی کی نکاسی کے نظام کے لیے 73 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ فنڈز سرگودھا، گجرات، خوشاب، قصور اور شیخوپورہ میں ترقیاتی کاموں کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
میانوالی، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور ننکانہ صاحب کے اضلاع میں بھی ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔ فنڈز کی منظوری صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 32ویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی نے شرکت کی۔ پی این ڈی بورڈ کے ممبران اور متعلقہ شعبوں کے افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔
