rain in pakistan

خشک سردی کا اختتام قریب، شدید بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کر دی گئی

لاہور: خشک سردی کا اختتام قریب، تیز بارش اور برفباری کی پیشگوئی۔ اس ماہ کے آخر میں شدید بارشوں کا نظام خشک سالی کے شکار ملک کے سیاحت، پہاڑی اور میدانی علاقوں کو متاثر کرنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق 27 جنوری کو ملک میں مغربی سسٹم کی آمد کے باعث شمالی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

برفباری اور بارشوں کے باعث ملک میں جاری خشک سردی کا موسم ختم ہو جائے گا۔ جبکہ 27 جنوری سے قبل آئندہ چند روز کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔ شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ شدید دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے نیچے رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند/سموگ چھائی رہے گی۔ شدید دھند سے متاثرہ علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں شدید سرد رہا۔ تاہم کراچی میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں