وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کیلئے فی الفور 5 ارب روپے مختص کرنے اورمتاثرین کی آبادکاری کیلئے ”وزیراعلیٰ پنجاب فلڈ ریلیف فنڈ“ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کریں گے۔مخیر حضرات آگے آئیں۔”وزیراعلیٰ پنجاب فلڈ ریلیف فنڈ“ کی پائی پائی متاثرین کی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔
لاہور( نمائندہ جنگ ) وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء اور ارکان صوبائی اسمبلی غضنفر عباس چھینہ،شہاب الدین خان، محمد عامر عنایت شاہانی،غضنفر عباس شاہ، غلام علی اصغر خان لہری، گلریز افضل گوندل، تیمور علی لالی، سردار محمد محی الدین خان کھوسہ، محمد علی رضا خان خاکوانی، محمد اعجاز حسین اور محمد احسن جہانگیر نے ملاقات کی،مونس الٰہی اور محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: منڈی بہاءالدین کے تین نوجوان ڈنکی لگاتے ہوئے جاں بحق
وزیراعلیٰ نے کہا چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل متاثرہ علاقوں میں خود امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں ، سیلاب سے ہونے والی تباہی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔جو کچھ انسانی بس میں ہوا، آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کیلئے کر گزریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے نقصانات کے ازالے کیلئے سروے کا حکم دے دیا ہے۔
ادھر وزیر اعلٰی نے ایک ٹویٹ میں کہا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔عمران خان کا ساتھ دیا،دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے ن لیگ کی طرح انتقامی سیاست کبھی کی اور نہ آئندہ کریں گے،انتقام نہیں بلکہ ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں،پنجاب کے عوام جانتے ہیں کہ کام کس نے کیا اور انتقام کس نے لیا، وزیراعلیٰ سے این اے 171 بہاولپور سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر نعیم الدین وڑائچ نے ملاقات کی۔گجرات کے معروف صنعتکار چودھری اعجاز احمد وڑائچ بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا ایسے کام کریں گے جو عوام میرے پہلے دور کی یاد رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کشتی الٹنے سے اٹلی جانے والے منڈی بہاؤالدین کے ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے جاں بحق ہونے تعزیت کرتے ہوئے کہا ا یسے ایجنٹوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل لائی جائے ،وزیر اعلیٰ نے خانقاہ ڈوگراں کے قریب کار الٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
