تیز بارش کے لیے تیار ہو جائیں۔ بارشیں لانے والی مغربی ہوائیں پاکستان میں کب داخل ہوں گی؟ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے موسم سرما کے آغاز کے بعد خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ اب تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش نہیں ہوئی۔ تاہم رواں ماہ کے تیسرے ہفتے کے آخر میں بارشوں کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ملک میں 18 سے 20 دسمبر کے درمیان بارش کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مغربی سرکولیشن 18 سے 20 دسمبر 2025 کے درمیان پاکستان میں داخل ہو سکتی ہے جس سے ملک میں اچھی بارشیں متوقع ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ تین ماہ کا موسمیاتی آؤٹ لک جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق معمول سے کم بارشوں کی وجہ سے زمین میں نمی میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ربیع کی فصل کو خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بیان کے مطابق بارانی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے سے مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں، جنوری اور فروری میں بارشوں کی صورتحال میں بہتری کا امکان ہے۔ جنوری کے آخر اور فروری میں بارشوں کے باعث سموگ اور دھند میں کمی آ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق معمول سے زیادہ درجہ حرارت سے فصلوں میں کیڑوں کا امکان بڑھ جائے گا۔ جنوری اور فروری میں بارشیں معمول کے مطابق پانی کی کمی کو پورا کر دیں گی۔
