corona mandi bahauddin

کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلع بھر میں کورونا ویکسی نیشن سنٹر قائم کئے گئے ہیں

سی او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے کہا ہے کہ حکومت عوام الناس کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کوونا ویکسی نیشن کی دستیابی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے لہذٰا عوام الناس کو بھی چاہیئے کہ وہ ویکسی نیشن کروا کر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں.

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 30 اکتوبر 2021) انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر 25 اکتوبر تا 12 نومبر تک صوبہ بھر کی طرح ضلع منڈی بہاﺅالدین میں بھی کورونا ویکسی نیشن ”ریچ ایوری ڈور ‘ کا کامیاب آغاز کیا ہوا ہے جو کہ کامیابی سے جاری ہے ، 19 روزہ مہم کے دوران روزنہ کی بنیاد پر محکمہ صحت کی ٹیمیں شہر اور دور دراز علاقوں میں گھر گھر جا کر کورونا ویکسین لگا رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے مختلف مراکز پر ویکسی نیشن کی دستیابی اور کورونا ویکسی نیشن کو چیک کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈاکٹر عمران بشیر، فوکل پرسن ای پی آئی /پولیو رافعہ ناہید اور دیگر افسران و عملہ بھی موجود تھا۔

اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد افتخار اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈاکٹر عمران بشیر نے بتایا کہ 25 اکتوبر سے 12 نومبر تک ریچ ایوری ڈور کمپین کے تحت ضلع کی 65 یو سیز میں 130 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ گھر گھر جا کر شہریوں کو ویکسی نیٹ کر رہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں 2 لاکھ 18 ہزار 836 ویکسین کا وافر سٹاک موجود ہے اور ویکسین کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ انہوں نے مذید بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹ کو پورا کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں ضلع کے 2 ہزار 27سکولوں کے 12 سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 3 ہزار 229 طلباء کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور یہ مہم کامیابی سے جاری ہے ۔سی او اہیلتھ ڈکٹر محمد الیاس گوندل نے کہا کہ عوام النا س کو کوونا وائرس سے بچاﺅحکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ضلع منڈی بہاﺅالدین کو کورونا فری بنانے کیلئے پر عزم ہیں ، کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلع بھر میں کورونا ویکسی نیشن سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے جلد سے جلد ویکسی نیشن لگوانے میں ہی ہم سب کی فلاح ہے ۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وطن عزیز سے کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے ویکسی نیشن بہت ضروری ہے ، حکومت کی جانب سے مقررہ کردہ ٹیموں سے کورونا ویکسی نیشن لازمی مکمل کروائیں تا کہ اس موذی مرض سے جلد چھٹکارا ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں