ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین نے محکمہ صحت کو ضلع بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل مذید تیز کرنے کا حکم دے دیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 10 جون2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے محکمہ صحت کو ضلع بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل مذید تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے دور دراز علاقوں کیلئے فراہم کردہ موبائل سروس کو مذید متحرک کیا جائے اور کورونا ویکسی نیشن کی افادیت کے حوالے سے آگاہی مہم کیلئے محکمہ صحت کے ڈاکٹر صاحبان کے علاوہ تاجر برادری ، سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔

اس امر کا فیصلہ انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ کورونا ویکسی نیشن ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق،سی ای او ہیلتھ ڈاکر محمد الیاس گوندل، میڈیکل سپیشلسٹ/فزیشن کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد مجاہد مغل، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو/ای پی آئی رافعہ ناہید،پرسنل اسسٹنٹ ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف ، پاک فوج کے افسران سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے سی او ہیلتھ کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ویکسی نیشن سنٹرز پر کورونا ویکسین کی افادیت سے متعلق پمفلٹس چھپوا کر ڈاکٹر حضرات کے ذریعے تقسیم کئے جائیں اور اس امر کو یقینی بنایاجائے کہ جمعہ کے اجتماعات کے دوران امام مساجد اپنے خطبات میں عوام الناس کو مذہبی نقطہ نظر سے کورونا ویکسین کی افادیت سے متعلق آگاہی فراہم کریں اور اس عمل کی ریکارڈنگ بھی حاصل کی جائے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ زندگی خدا کی دی ہوئی بہت بڑی نعمت ہے ، ہمیں اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی اور صحت کے تحفظ کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازما کروانا ہو گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت شہریوں کو کورونا وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، عوام الناس حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مفت کورونا ویکسی نیشن کی سہولت سے فائدہ اٹھا کر کورونا کے خاتمے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔انہوں نے سی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ تاجر برادری کے رہنماﺅں کے ساتھ رابطے کر کے انہیں اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ بزنس کمیونٹی کواس بات کی ترغیب دے کر احساس دلائیں کہ معاشی سرگرمیوں کے کامیاب تسلسل کیلئے کورونا ویکسی نیشن انتہائی ضروری ہے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں