پاکستان میں پہلی میڈیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ذرائع ابلاغ کی ترقی کے لیے پاکستان میں پہلی میڈیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر اہتمام نیشنل میڈیا ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں جنگیں طاقت کے استعمال سے لڑی جاتی تھیں تاہم اب رائے عامہ کا دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کے سامنے اپنا نکتہ نظر پیش کرنے کے لیے ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے فروغ کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف 70ہزار افراد کی جانوں کا نذرانہ دیا لیکن اب تک اس پر کوئی کتاب نہیں لکھی گئی۔

وفاقی وزیر نے افسوس ظاہر کیا کہ ملک بھر کے صحافت کے 42 اسکولوں میں ابھی تک 1960 کا نصاب پڑھایا جا رہا ہے جبکہ بیرون ملک افراد ساؤنڈز اور لائٹس میں ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزمنٹ 25ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، فیس بک اور گوگل نے پاکستان سے 7.5ارب روپے کے اشتہارات کا بزنس کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یونیورسٹی میں اینی میشن، بصری اثرات، فلم سازی اور کیمرہ چلانے سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ذرائع ابلاغ میں ڈیڑھ ہزار انٹرن شپ دی جائیں گی۔ وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کو ایچ ڈی اور ریڈیو پاکستان کی نشریات کو انٹرنیٹ پر منتقل کر دیا گیا ہے

اپنا تبصرہ لکھیں