mini budget

منی بجٹ کے اثرات، موبائل صارفین کو 100 روپے کے ری چارج پر کتنا بیلنس ملے گا؟

اسلام آباد: منی بجٹ کی منظوری کے بعد موبائل ریچارج ٹیکس کی شرح میں بھی اضافہ ہوگیا، جس کے بعد ہر 100 روپے کے ری چارج پر صارف کو 27 روپے 80 پیسے ٹیکسز اور دیگر مد میں ادا کرنا ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظوری اور صدر مملکت کی منظوری کے بعد اب منی بجٹ کے اثرات مہنگائی کی صورت میں سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ منی بجٹ کے باعث ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد اب موبائل فون صارفین کو کمپنیوں کی جانب سے اضافہ شدہ کٹوتیوں کے پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: منی بجٹ تیار، 350 ارب کا ٹیکس استثنیٰ ختم کیا جائے گا

موبائل صارفین کو موصول ہونے والی پیغامات میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایڈوانس ٹیکس کی شرح میں کئے جانے والے اضافے کے بعد صارفین کے پری پیڈ کارڈ پر دس کی بجائے پندرہ فیصد ایڈوانس ٹیکس کٹوتی ہوگی۔ منی بجٹ کے بعد صارفین کو ہر 100 روپے کے ریچارج پر 3.9 روپے ایڈوانس ٹیکس کی مد میں مزید ادا کرنا ہوں گے، ٹیکس کٹوتیوں کے بعد 100 روپے کے ری چارج پر صارف کو 76.10 روپے کی بجائے 72.20 روپے کا بیلنس موصول ہوگا کیونکہ ٹیکسز اور دیگر مد میں مجموعی طور پر 27 روپے 80 پیسے کٹوتی ہوگی۔

اسی طرح ایڈوانس ٹیکس کی شرح میں اضافے کے نتیجے میں 9.10 روپے کی بجائے 13 روپے کی کٹوتی ہوگی جبکہ جی ایس ٹی 14.80 روپے پر رہے گا۔ واضح رہے کہ 13 جنوری کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں منی بجٹ اور اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کثرتِ رائے سے منظور کیا گیا تھا، جس پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا۔

بعد ازاں پندرہ جنوری کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت فنانس (سپلیمنٹری) بل 2022 کی منظوری دی جس کے بعد یہ بل نافذ العمل ہوگیا.

اپنا تبصرہ لکھیں