منڈی بہاوالدین میں اب تک 72ہزار لوگ ویکسینیٹ ہو چکے ہیں، ڈپٹی کمشنر

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 05 جون2021 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاہے کہ عوام النا س کو کوونا وائرس سے بچاﺅحکومت کی اولین ترجیح ہے ، حکومتی اقدامات کی بدولت کورونا کیسز میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود احتیاطی تدابیر اور کورونا ویکسی نیشن ہی موثر تحفظ فراہم کر سکتی ہے ، انہوں نے کہاکہ عوام الناس ویکسین سے متعلق افواہوں پر توجہ دینے کی بجائے ویکسین نیشن پر توجہ دیں تا کہ خود کو محفوظ کر کے اس وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں میڈیا اور انجمن تاجران کے نمائندگان کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق،سی ای او ہیلتھ (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، اسسٹنٹ عاطف منیر ، پرنٹ والیکٹرانک میڈیا اور انجمن تاجران کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے میڈیا نمائندگان کو حکومتی ہدایت کے مطابق کورونا ایس او پیز اور کورونا ویکسی نیشن پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومتی ہدایت پر ضلع منڈی بہاﺅالدین میں 25 ویکسی نیشن سنٹرزقائم کر دئیے گئے ہیں اور جلد ہی 50سنٹرز فعال ہو جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے اور قائم کئے گئے سنٹرز پر تمام سہولیات کے ساتھ ویکسین دستیاب ہے۔عوام بے خوف و خطر ہو کر سنٹر پر آئیں اور ویکسین لگوائیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ رروزانہ کی بنیاد پر تقریباً 2ہزار 500لوگ ویکسی نیشن کروا رہے ہیں اور اب تک 72ہزار 619 لوگ ویکسینیٹ ہو چکے ہیں جو کہ ناکافی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 1850 مثبت کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 1793شفایاب ہو چکے ہیں،34افراد ہوم آئیسولیشن جبکہ 3 ڈی ایچ کیو میں زیر علاج اور روبصحت ہیں اوراب تک 20افراد کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 30سال سے زائد عمر کے افراد اپنا شناختی کارڈ لے کر اپنے قریبی کورونا سنٹرز پر جا کر اپنا آئی کارڈ دکھا کر کورونا ویکسی نیشن کروا سکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پولیو و دیگر ویکسین کی طرح کورونا ویکسین بھی محفوظ ہے لیکن شعور اور آگاہی کی کمی کی وجہ سے بعض لوگ کورونا ویکسین بارے جو افواہیں پھیلا رہے ہیں وہ کسی طرح بھی درست نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی اور دوسروں کی زندگی محفوظ بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے مفت فراہم کردہ ویکسین کو فوری اور ہر صورت لگوانا چاہیئے اور حکومت کی جانب سے کورونا ویکسی نیشن کی مفت سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیئے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور دیگر کئی ممالک ماس ویکسی نیشن کے ذریعے کورونا وبا پر موثر کنٹرول حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا ویکسین لگوانے کا زور نظر نہیں آ رہا اس ضمن میں علماءاور میڈیا کو استعمال میں لاکر زیادہ سے زیادہ تشہیر کر کے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وبائی چیلنج کو ہم سب نے مل جل کر حل کرنا ہے تا کہ کورونا سے محفوظ پاکستان کی تشکیل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے علماءکرام سے اپیل کی کہ وہ عوام الناس کو جمعہ کے خطبات میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے گئے حفاظتی انتظامات اور اقدامات سے آگاہ کریں اور لوگوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسی نیٹ ہوں اور اس موذی مرض سے بچا جا سکے۔

انہوں نے میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کی طرح میڈیا کے مثبت کردار کی وجہ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ عوام الناس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنا بھر پور قلیدی کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر انجمن تاجران کے نمائندگان نے اپنے بھر پورتعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وہ ہمیشہ کی طرح کورونا وبا کے دوران بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باہمی کوارڈینیشن کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں