منڈی بہاءالدین میں کورونا ویکسی نیشن ”ریچ ایوری ڈور ‘ کا کامیاب آغاز کر دیا گیا

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن مہم کی کامیابی کیلئے معاشرے کا ہر فرد اپنا قلیدی کردار ادا کرے ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کورونا ویکسی نیشن ”ریچ ایوری ڈور ‘ کا کامیاب آغاز کر دیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ اس ویکسی نیشن مہم کے دورن شہراور دیہات کے ہر گھر میں جا کر ایسے افراد کو کورونا ویکسی نیشن لگائی جائے گی جنہوں نے اب تک خود کو ویکسن نہیں لگوائی ۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 28 اکتوبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں کورونا ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر قمر الزمان گورائیہ، فوکل پرسن ای پی آئی /پولیو رافعہ ناہید، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع بھر کی تمام 65 یو سیز میں کورونا ویکسی نیشن کی ٹیمیں گھر گھر جا کر شہریوں کو ویکسی نیٹ کر رہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ منڈی بہاﺅالدین میں کورونا ویکسی نیشن کی پہلی ڈوز کیلئے 12 لاکھ 8 ہزار 713 افراد کو ویکسین کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا جبکہ ابھی تک 7 لاکھ 59 ہزار 968 افراد کو ویکسی نیٹ کر دیا گیا ہے ۔ اس طرح پہلی ڈوز کی شرح 62.67 فیصد بنتی ہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا ویکسی نیشن کی دوسری ڈوز کیلئے 12 لاکھ 8 ہزار 713 افراد کو ویکسین کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا جبکہ ابھی تک 4 لاکھ 20 ہزار 799 افراد کو ویکسی نیٹ کیا جا چکا ہے جو کہ دوسری ڈوز کی کل کوریج کا 34.81 فیصد بنتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 25 اکتوبر سے 12 نومبر تک ریڈ کمپین حکمت عملی کے تحت ضلع کی 65 یو سیز میں 130 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ اس مہم کے تحت پہلی ڈوز کیلئے 2 لاکھ 32 ہزار 139 افراد کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ دوسری ڈوز کیلئے 2 لاکھ 63 ہزار 339 افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اب تک گزشتہ دو روز میں 7ہزار 824 افراد کو پہلی ڈوز جبکہ 8 ہزار 593 افراد کو دوسری ڈوز لگائی جا چکی ہے۔ اس طرح مجموعی طورپر 16 ہزار 417 افراد کو ویکسی نیٹ کیا جا چکا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں ضلع کے 2 ہزار 27 سکولوں کے 12 سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 3 ہزار 229 طلباء کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور یہ مہم کامیابی سے جاری ہے ۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب کی خصوصی انسداد کورونا ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانا متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام الناس کا قومی اور اخلاقی فرض ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر اس قومی مہم میں حصہ لیں تا کہ اس اس موذی بیماری کا جڑ سے خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں