اوورسیز پاکستانیز کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں کورونا ویکسی نیشن بھی کی جا رہی ہے، طارق علی بسرا

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کے پھیلنے کا شدید خطرہ موجود ہے جو کہ پہلی تین لہروں سے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے لہذا بر وقت ویکسین لگوانے اور حکومتی کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد سے ہی کورونا کی نئی خطرناک لہر سے بچاﺅ ممکن ہے۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 11جولائی2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر افتخار، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر خالد عباسی، ڈاکٹر رضوان تابش، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس مہار اختر حسین بلوچ، ڈاکٹر بشریٰ چوہدری،ڈاکٹر ناصر وقار، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی رافعہ ناہید، ارسلان رﺅف اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے بریفنگ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں اب تک 2 لاکھ 15 ہزارفراد کی کورونا ویکسی نیشن کی جا چکی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے محکمہ صحت کو مذید 2 لاکھ 15 ہزار 42 ویکسی نیشن خوراکیں فراہم کی جاچکی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 25 ویکسی نیشن سنٹرز اور 65 کیمپس پر عوام الناس کی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے جس کی نتیجے میں کوررونا ویکسی نیشن کی شرح 90فیصد ہے ۔

انہوں نے مذید بتایا کہ اوورسیز پاکستانیز کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں کورونا ویکسی نیشن بھی کی جا رہی ہے جبکہ کورونا سے متعلق معلومات کیلئے ہیلپ لائن 1033 یا 08009900 پر کال کی جا سکتی ہے۔ بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے محکمہ صحت کے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز سمیت شہریوں کو ویکسی نیشن کیلئے بلا تعطل عمدہ سروسز مہیا کی جائیں اس میں کسی قسم کی کوئی کمی کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مذید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ صحت کے افسران باقاعدگی سے ویکسی نیشن سنٹرزاور کیمپس پر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھیں اور وہاں سٹاف کی کارکردگی کو چیک کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام الناس کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کوونا ویکسی نیشن کی دستیابی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے لہذٰا عوام الناس کو بھی چاہیئے کہ جلد از جلد کورونا ویکسی نیشن کروا کر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن اور حکومتی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سے ہی ہم سب کی بقا ہے۔

طارق علی بسرا نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، صابن سے ہاتھ بار بار 20 سیکنڈ تک دھوئیں، سینیٹائزر اپنے پاس رکھیں اور اس کا استعمال بار بار کریں، پر ہجوم جگہوں پر جانے سے پرہیز کریں، گھر سے باہر نکلتے ہوئے ماسک کا استعمال کریں اور ایک دوسرے سے کم از کم 6 فٹ کا سماجی فاصلہ رکھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں