منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 24 جولائی2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے “خدمت آپ کی دہلیز ” پروگرام کے تحت عید الاضحی کے ایام میں ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے نظام اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کے آپریشن کی خود نگرانی کی۔ انہوں نے مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں، فضلہ جات اور انتڑیوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تلف کرنے کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے خود صفائی عملہ کی حاضری اور مشینری ورکنگ کو بھی یقینی بنایا۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ضلع کی تینوں تحصیلوں میں بھی صفائی آپریشن کی نگرانی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف آفیسر میونسپل و تحصیل کمیٹیز نے کی۔ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں آگاہی بینرز بھی آویزاں کئے ہوئے تھے جن پر صفائی ستھرائی کے حوالے سے ہدایات اور کنٹرول روم کے نمبرز بھی درج تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عید کے ایام میں میونسپل کمیٹیز کے افسران و عملہ نے ذمہ داری کا ثبوت دیا اور بارشی پانی کی نکاسی سمیت صفائی ستھرائی برقرر رکھنے کیلئے بر وقت کاروائیاں کیں۔ اس ضمن میں عوام کی مدد اور تعاون سے شہر کو صاف ستھرا کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ آلائشوں کو جمع کر کے شہر سے باہر مخصوص مقامات پر گڑھوں میں دبا دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ قربانی کے فوری بعد آلائشوں کو بر وقت ٹھکانے لگانے کیلئے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں شہریوں کے تعاون کے مشکور ہیں۔ خدمت آپ کی دہلیز پروگرام کے تحت آئندہ بھی صفائی ستھرائی کا یہ عمل جاری و ساری رہے گا۔
واضح رہے کہ دو دن کی شدید طوفانی بارشوں سے تمام نشیبی علاقے زیر آب آ گئے تھے اور جگی جگہ پانی اور کیچڑ جمع ہو گیا تھا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر خود اور اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ دورے کئے اور جہاں جہاں مسائل تھے انہیں پوری تگ و دو سے حل کئے۔ صفائی کے بہترین انتظامات پر شہر کے سماجی ،سیاسی، اور تجارتی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
