District Mandi Bahauddin News Urdu Today Live

منڈی بہاوالدین میں بھی عالمی یوم الارض بھر پور طریقے سے منایا گیا

ضلع منڈی بہاوالدین میں بھی عالمی یوم الارض بھر پور طریقے سے منایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ضلع کونسل ہال میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات یاسر خان سمیت متعلقہ افسران اورسول سوسائٹی نے شرکت کی۔

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 22اپریل 2024) ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد عوام الناس میں ماحول کی بہتری کیلئے احساس پیدا کرنا ہے۔ موجودہ صنعتی دور میں ہمارا ماحول بہت زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے ہم اپنے ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کریں تا کہ ہماری آنے والی نسلیں صاف اور صحت مند ماحول میں زندگی گزار سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بھی ہمارے ماحول کو تیزی سے تباہ کر رہا ہے۔ اسی لئے حکومت پنجاب نے 5 جون 2024 سے پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پلاسٹک ماحولیاتی مسائل، سیوریج سسٹم کی بندش، انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں، نباتات اور آبی حیات کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ شاپنگ کیلئے کپڑے کا بیگ استعمال کریں اور پلاسٹک کے استعمال کوترک کر دیں۔ سیمینار میں دیگر مقررین نے بھی شرکاء کو پلاسٹک کے نقصانات بارے آگاہی دی ۔سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا اور شرکاء میں ماحول دوست شاپنگ بیگز تقسیم کئے گئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں