منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 04مئی 2023) ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت اجلاس میں ضلع بھر کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلانگ حاظ غلام مرتضیٰ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں کاتفصیلی جائزہ لیتے ہو ئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان ترقیاتی منصوبوں کومقررہ معیار اور مدت کے اندر مکمل کیا جائے ۔غیر معیاری تعمیراتی مٹیریل اور تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گی اور مفاد عامہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان منصوبوں کو مکمل شفافیت اور حکومتی ترجیحات کے مطابق تعمیر کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عام آدمی کو سیوریج، واٹر سپلائی،معیاری روڈ نیٹ ورک اورسکول و کالج کی بلڈنگز کی سہولیات فراہم کرنا کسی بھی حکومت کی اولین ترجیح ہو تی ہے، جس کو خلو ص نیت اور قومی تعمیر کے جذبے سے تکمیل تک پہنچایا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع منڈی بہاوالدین میں اس وقت 189 ترقیاتی سکیمیں جاری ہیں جن کی کل مالیت 31987.910 ملین روپے ہے ،جو کہ ابتک 93 فیصد فنانشل اور 55 فیصد فزیکلی مکمل ہو چکی ہیں۔ جس پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترقیاتی سکیموں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچائیں اور ان کے تعمیراتی معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ منصوبے دیرپا ثابت ہوںاور عوام الناس ان سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں۔
