ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین نے کہا ہے کہ سموگ انسانی زندگی اور صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہے جس پر قابو پانا معاشرے کے تمام طبقات کی قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے.
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 11 اکتوبر 2022 ) عوام الناس حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت کے مطابق سموگ سے بچاﺅ کیلئے فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ اور ہسپتال کے فضلہ جات کو جلانے سے پرہیز کریں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بر وقت مرمت یقینی بنائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی اور بھاری جرمانے کئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد سموگ مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین کاشف جلیل، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ فروا بتول، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال خرم مختار، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال،ڈی او انڈسٹریز رانا محمد سعید، سیکرٹری آر ٹی اے فریال فخر، فیلڈ آفیسر ماحولیات عاطف عمران، ا نسپکٹر ٹریفک پولیس محمد شعیب اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال نے اجلاس کو انسدادسموگ کے حوالے سے بتایا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے سے روکنے کیلئے کسانوں اور زمینداروں کیلئے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام آگاہی سیمینارز منعقد کروائے جا رہے ہیں ، اس کے علاوہ آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں اور ہر گاﺅں کی مساجد میں انسداد سموگ سے متعلق اعلانات بھی کروائے جا رہے ہیں ۔
فیلڈ آفیسر ماحولیات عاطف عمران نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاوالدین میں 271 بھٹہ جات رجسٹرڈ ہیں جن میں سے اس وقت 215 بند ہیں اور 56 آپریشنل ہیں، جن کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سموگ کی مختلف خلاف ورزیوں پر مختلف بھٹہ جات کے مالکان کو 15 لاکھ 75 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے ۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 753 گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور مختلف خلاف ورزیوں پرایک لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے ۔
انسپکٹر ٹریفک پولیس محمد شعیب نے بتایا کہ سموگ کی مختلف خلاف ورزیوں پر2 ہزار 857 گاڑیوں کے چالان کرتے ہوئے 12 لاکھ 81 ہزار 600 روپیہ جرمانہ کیا گیا اور 59 گاڑیاں ضلع کے مختلف تھانوں میں بند کیں ۔ تفصیلی بریفنگ سننے کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے محکمہ ماحولیات کے افسران کو ہدایت کی کہ بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بھٹوں بالخصوص کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
انہوں نے افسران کوواضح کیا کہ وہ وہ انسداد سموگ مہم کے لئے پوری طرح الرٹ رہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کریں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ اپنے دائرہ کار میں عوام الناس کو ماحولیاتی آلودگی کے نقصانات اور ان سے بچاﺅ کے بارے میں آگاہی فراہم کریں تاکہ منڈی بہاوالدین کو سموگ فری ضلع بنایا جا سکے۔
