وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر نگرانی ضلع بھر میں سنگل یوز شاپر بیگ کا استعمال کرنیوالوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کاروائیاں جاری
منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 11 جولائی 2025 ) اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات نے ضلع بھر میں کی جانے والی کاروائیوں کے حوالے سے بتایا کہ محکمہ ماحولیات منڈی بہاءالدین روزانہ کی بنیاد پر 75 مائیکران سے کم ہلکی کوالٹی کا شاپر اور سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھے ہوئے ہے
انہوں نے بتایا کہ ابتک سنگل یوز بیگز اور پلاسٹک کے استعمال پر 24 ایف آئی آرز کا اندراج کر کے 4 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ اور تقریبا 10 ہزار 566 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ سے پانی کی کمی، آلودگی اور سموگ میں دن بدن مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پلاسٹک سے سیوریج، پینے کے پانی، آب وہواکو بہت نقصان ہورہا ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے انسانی جانوں کے تحفظ اور ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے شاپرز اور پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی ہے۔
انہوں نے تاجر برادری اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگز یا کپڑے کا تھیلا استعمال کریں اورماحول کو آلودگی سے صاف رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ منڈی بہاءالدین کا ساتھ دیں۔
