منڈی بہاؤالدین: پولیس کنسٹیبل شعیب رضا کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں واڑہ عالم شاہ میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤالدین وسیم ریاض خان سمیت دیگر پولیس افسران، اہلکاروں اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تھانہ صدر میں تعینات کنسٹیبل شعیب رضا گذشتہ روز دورانِ ڈیوٹی موٹرسائیکل پر چک بساوہ جا رہے تھے۔ راستے میں ایک سکول بس سے ٹکر کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
کنسٹیبل شعیب رضا کو فرض شناسی اور پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر وسیم ریاض خان نے ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ مرحوم کے خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
نماز جنازہ کے موقع پر علاقے کی فضا سوگوار تھی اور شرکاء نے کنسٹیبل شعیب رضا کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعائیں کیں۔
