لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق شدید بارشوں سے نشیبی علاقوں کے دریاؤں اور نہروں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو پیشن گوئی کی مدت کے دوران انتہائی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تیز بارش اور آندھی کچے اور خستہ حال مکانوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اس لیے شہری بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کو فیلڈ سٹاف اور مشینری کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے واسا اور بلدیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور تمام سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں PDMA کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
