کراچی سمیت ملک بھر میں آج سے بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 28 جون تک کراچی، حیدرآباد، سکھر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج سے 2 جولائی تک بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ مون سون بارشوں کا پہلا سپیل یکم جولائی تک جاری رہے گا۔ ترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ 26 سے 28 جون تک جنوبی پنجاب، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں بارش کا امکان ہے۔
