ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے چھوٹے کنبے کو رواج دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ، مذہب بھی بچوں کی پیدائش میں وقفے کی اجازت دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی عملی طور پر کوالٹی آف ورک کو یقینی بنائے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم کو فعال اور موثر بنایا جائے ۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 29ستمبر 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد آصف نوید ،ڈی ایچ او ڈاکٹر افتخار، ڈاکٹر شکیل نذر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر قمر الزمان گورائیہ ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمٰن، ڈاکٹر عمائمہ، اور دیگرمحکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد آصف نوید نے شرکاءاجلاس کو محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات ، آگاہی اور دیگر متعلقہ امورز پر تفصیلی بریفنگ دی ۔انہوں نے اجلاس کوماہانہ کارکرگی کے حوالے سے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران محکمہ بہبود آبادی نے ضلع کی تینوں تحصیلوں میں دور دراز مقامات پر 8 ،8 کیمپس لگائے، جہاں مانع حمل ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں ۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ بہبود آبادی کی فیلڈ ورکنگ سرگرمیوں کی وجہ سے عوام الناس میں درمیانی مدت کے مانع حمل ادویات کے استعمال میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی سربراہی میں 51 فلاحی مراکز 3 فیملی ہیلتھ کلینکس، 3فیملی ہیلتھ موبائل یونٹس، 69 فیملی ویلفیئر اسسٹنٹ، 13 سوشل موبلائزر عوام الناس کو خاندانی منصوبہ بندی کے لحاظ سے معیاری طبی سہولیات اور ماں ، بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔
انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بلوغت، ذاتی صفائی اور متوازن غذا کے حوالے سے ضروری معلوماتی سیشنز اور سیمینارز منعقد کئے جا رہے ہیں اور جمعہ کے خطبات میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی جاتی ہے ۔ جس پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ بلاشبہ محکمہ بہبود آبادی کا بنیادی کام ہی عوام الناس کو مختلف طریقوں سے آمادہ کر کے خاندانی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کروانا ہے۔ جس کیلئے محکمہ بہبود آبادی اپنے کوالٹی آف ورک کو اہداف کے ذریعے مذید موثر اور یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کی سرگرمیوں کے حوالے سے جہاں جہاں خامیاں پائی جاتی ہیں ان کو درست کر کے مذید موثر اور فعال بنایا جائے۔
