پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد سے پارٹی دفتر جیل روڈ میں ملاقاتیں جاری ہیں۔ رہنماؤں نے پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ڈی ایم کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ پنجاب کے انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ سیاسی میدان میں اتریں گے۔ عوام کی طاقت سے پی ڈی ایم ٹولے کو پنجاب کے انتخابات میں عبرتناک شکست دیں گے۔
انہوں نے کہا نااہل حکمران ٹولہ جلد عوامی احتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہو گا۔ آٹے کی لائنوں میں لگانے والوں کو غریب عوام بری طرح مسترد کریں گے۔ غریب عوام کو ریلیف دینے کی بجائے شہباز سرکار نے مہنگائی بے روزگاری سمیت دیگر مسائل تحفے میں دیے ہے۔
ملاقات کرنے والوں میں ضلعی صدر منڈی بہاؤالدین حاجی امتیاز افضال گوندل، کنور عمران سعید، علی سلمان ، رانا وحید ، ڈاکٹر ندیم خواجہ، علامہ اصغر چشتی ، سیما انوار ، ملک سلمان رضا بارا ایڈوکیٹ اور رانا ساجد شوکت شامل تھے۔
