گزشتہ ہفتے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی مضبوطی جاری رہی کیونکہ بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے دباؤ اور بجٹ سے پہلے کی معطل شدہ درآمدی ترسیل میں اضافے کی وجہ سے طلب رسد سے تجاوز کر گئی۔
ہفتہ وار ٹریڈنگ میں روپے کے مقابلے میں صرف پاؤنڈ کی قدر کم ہوئی۔ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں بتدریج اضافے سے روپے کی قدر بھی متاثر ہوئی۔ بتدریج مہنگائی کے خدشات نے زرمبادلہ کی منڈیوں کو بھی متاثر کیا۔
ہفتہ وار کاروباری سیشن کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر، یورو، ریال اور درہم کی قدروں میں اضافہ ہوا۔ پاؤنڈ کی قدر میں کمی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر اور یورو کی قدر میں اضافہ ہوا۔ پاؤنڈ کی قدر میں کمی اور ریال اور درہم کی قدریں مستحکم رہیں۔
ایک ہفتے کے دوران ڈالر کے انٹربینک اور اوپن ریٹ میں فرق بڑھ کر 2.44 روپے ہو گیا۔ ہفتہ وار ٹریڈنگ کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 24 پیسے اضافے سے 283.96 روپے کا ہوگیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 32 پیسے اضافے سے 286 روپے 40 پیسے کا ہوگیا۔
برطانوی پاؤنڈ کا انٹربینک ریٹ 1.92 روپے کمی سے 388.01 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 1.18 روپے کمی سے 394.00 روپے ہوگئی۔
انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 1.79 روپے اضافے سے 334.38 روپے ہو گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 1.84 روپے اضافے سے 338.20 روپے پر بند ہوئی۔
انٹربینک میں ریال کی قدر 7 پیسے اضافے سے 75.71 روپے ہو گئی، اوپن مارکیٹ میں ریال کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 76.40 روپے پر برقرار ہے۔
انٹربینک میں درہم کی قدر 6 پیسے اضافے سے 77.31 روپے ہو گئی، اوپن مارکیٹ میں درہم کی قدر 78.10 روپے پر برقرار رہی۔
