ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے پھالیہ میں ٹی ایچ کیو ہسپتال، لینڈ ریکارڈ سنٹر، رورل ہیلتھ سنٹر بھیکھو، دیہی مرکز مال دوگل، سیرے، سیدا، بھواحسن، کوڑے کرم شاہ دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پہلے ٹی ایچ کیو ہسپتال پھالیہ کا دورہ کیا ،اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ محمد عرفان ہنجرا، ایکسیئن بلڈنگ قرار شاہ، ایم ایس ڈاکٹر بشریٰ چوہدری اور دیگر بھی موجود تھے۔
منڈی بہاﺅلدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 29 دسمبر 2021 ) اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں فارمیسی سمیت میل فی میل وارڈز، کورونا ویکسی نیشن سنٹر،نرسری، ایکسرے روم ڈسپنسری، ہیپاٹائٹس کلینک، ایمرجنسی اور دیگر شعبوں کے علاوہ صفائی ستھرائی کا بغورجائزہ لیا۔ انہوں نے ادویات اور طبی آلات کا بذات خود معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:منڈی بہاءالدین کی ضلعی انتظامیہ تبدیل، نئے افسران تعینات
انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کے لئے تمام ضروری ادویات مفت موجود ہیں۔ کسی شکایت کی صورت میں فوری ازالہ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے صفائی کے ناقص انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاج گاہ میں صحت کی بحالی کیلئے صفائی کے نظام کا ہونا از حد ضروری ہے اور آئندہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہسپتال کا سرپرائز دورہ بھی کریں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہیلتھ کونسل کا اجلاس کر کے ہسپتال کے تمام ایشوز کو حل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے لینڈ ریکارڈ سنٹر اور دیہی مرکز مال دوگل کا بھی دورہ کیا، انہوں نے فرد کے اجراء، انتقالات، فوتگی اندارج، زیرالتوا کیسز ، ریکارڈ کو تفصیلی چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ریکارڈ روم، کمپیوٹر روم کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سائلین سے نہایت اداب و احترام سے دیہی مرکز مال بارے دریافت کیا اور مثبت جواب ملنے پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئے ہوئے سائلین کے ساتھ ہمدردانہ رویہ رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل شعار ہی عوام الناس کی خدمت ہونا چاہیئے۔ ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر بھیکھو کا بھی اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ویکسی نیشن سنٹر اور دیگر وارڈز کا بھی معائنہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر کو ماڈل درجہ ملنے پر سنٹر کے ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی سکیموں کو چیک کرنے کے حوالے سے سیدا، سیرے اور بھوا حسن میں سڑکوں ، گلیوں ، نالیوں اور کرکٹ گراﺅنڈ کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، سیدا کرکٹ گراﺅنڈ کے معائنے کے دوران انہوں نے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے گراﺅنڈ کے دیگر شعبوں کو بہتر بنانے کے علاوہ گراﺅنڈ اورپچ کے لیول کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے بھوا حسن میں گلیوں، سڑکوں اور سیوریج نالوں کے ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں میں کوالٹی، رفتاراور شفافیت پر خصوصی توجہ دی جائے اور عوام الناس کی فلاح وبہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ان سکیموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کوڑے کرم شاہ میں فصلوں کی ڈیجیٹل گرداوری کے آن لائن عمل کا جائزہ لیا۔ علاقہ گرداور نے خریف فصل کی گرداوری رپورٹ ڈیجیٹل گرداوری موبائل ایپ کے ذریعے موقع پر اپ لوڈ کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل گرداوری سے نا صرف فصلوں کا ڈیٹا بیس تیار ہو رہا ہے بلکہ وقت ضرورت یہ ڈیٹا دیگر مقاصد کیلئے بھی نا صرف بروئے کار لایا جا سکے گا بلکہ مالکان و حقداران زمین کے شناختی کارڈ کے اندراج بھی ممکن ہو سکے گا۔
