ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ سموگ انسانی زندگی اور صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہے جس پر قابو پانا معاشرے کے تمام طبقات کی قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے.
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 29ستمبر 2022 ) عوام الناس حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت کے مطابق سموگ سے بچاﺅ کیلئے فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ اور ہسپتال کے فضلہ جات کو جلانے سے پرہیز اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بر وقت مرمت یقینی بنائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی اور بھاری جرمانے کئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں انسداد سموگ مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال، ڈی او انڈسٹریز رانا محمد سعید، ڈی ایس پی ٹریفک محمد شفیع، فیلڈ آفیسر ماحولیات عاطف عمران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، ڈی ایس پی ٹریفک ، سیکرٹری آر ٹی اے اور فیلڈ آفیسر ماحولیات نے اجلاس کو ملٹی میڈیا کے ذریعے انسداد سموگ کے حوالے سے کی جانے والی کاروائیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ماحولیات کے افسران کو ہدایت کی کہ بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بھٹوں بالخصوص کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو فوری بند کرنے اور روڈ پر چلنے والی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے افسران کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسداد سموگ مہم کے لئے پوری طرح الرٹ رہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کریں۔
انہوں نے کہاکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو کسی صورت شاہراہوں پر نہ آنے دیا جائے اور ان کے فٹنس سرٹیفکیٹ کینسل کر کے بند کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملوں اور بھٹوں کی چمنیوں اور گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں سموگ کا سبب بنتا ہے جس پر شاہراہوں پر حادثات سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں عام آدمی کو ماحولیاتی آلودگی کے نقصانات اور ان سے بچاﺅ کے بارے میں آگاہی فراہم کریں تا کہ انسانی صحت کیلئے خطرناک سموگ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے عوام الناس کو سموگ کے نقصانات کی زیادہ سے زیادہ آگاہی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ منڈی بہاﺅالدین کو سموگ فری ضلع بنایا جا سکے۔
