ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین عامر محمود نے پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو چیک کرنے کے حوالے سے ضلع کے مختلف پیٹرول پمپوں کو اچانک چیک کیا، چیکنگ کے دوران معیار اور مقدار کو بھی چیک کیا۔
منڈی بہاﺅالدین(ایم.بی.ڈین نیوز 05 فروری 2023) مختلف پٹرول پمپس کی جانب سے عوام الناس کو پٹرول کی فراہمی نہ کرنے اور مہنگا پٹرول فروخت کرنے پر پرمالکان کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق انتظامیہ شہریوں کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کیلئے فیلڈ میں موجودہے اور انتظامی افسران مختلف پٹرول پمپس کے دورے کر کے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں۔
انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ناجائز منافع خوری کے خلاف مصنوعی قلت یا مہنگا پٹرول فروخت کرنے والوں کا محاسبہ کریں ۔اسسٹنٹ کمشنر نے پٹرول پمپس مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ زائد نرخ پر پٹرول کی فراہمی سے باز رہیں، چیکنگ کے دوران پٹرول فراہم نہ کرنے اور مہنگا پٹرول فروخت کرنے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے اور انہیں جیل کی ہوا بھی کھانا پڑے گی۔
