ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیرصدارت ستھرا پنجاب پروگرام اور ضلعی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاءالدین عدنان بشیر وڑائچ، سی ای اوز میونسپل کمیٹیز اینڈ ضلع کونسل، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، جی ڈبلیو ایم سی کے افسران سمیت کنٹریکٹرز ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 25 ستمبر 2025 ) اجلاس میں صفائی عملے کی کارکردگی، کوڑا کرکٹ کی بروقت صفائی، گلی محلوں میں صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں شہر کی صفائی، خوبصورتی، گرین بیلٹس کی بحالی، وال چاکنگ کے خاتمے اور سرسبز و شاداب ماحول کی فراہمی سے متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ صاف، سرسبز اور صحت مند پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی صرف ایک مہم نہیں بلکہ قومی ذمہ داری ہے جس میں ہر فرد کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ شہریوں کا تعاون بھی اس مہم کی کامیابی کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے شہری و دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے عمل کو مزید تیز اور فعال بنانے سمیت صفائی کے عمل کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ ادارے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک رہیں تا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
