وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے احکامات کی روشنی میں اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وسیم ریاض خان کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس نے چھت پر سواریاں بٹھانے والے ڈرائیورز حضرات کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 11 جون 2025) اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک راشد بشیر نے کہا ہے کہ گاڑی کی چھت پر سواریاں بٹھانے والے کسی ڈرائیور سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ڈرائیور حضرات سیٹوں کی تعداد کے حساب سے ہی سواریاں بٹھائیں۔
اسی حوالے سے ڈی ایس پی ٹریفک راشد بشیر کا لاری اڈا پر اڈا مالکان، ڈرائیورز اور مینجرز کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ چھت پر مسافروں کو بٹھانے والے ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے گی اور گاڑی کو بھی بند کر دیا جائے گا۔
ڈی ایس پی ٹریفک نے بتایا کہ اوورلوڈنگ اور مسافروں کو چھت پر بٹھانے پر 35 چالان کر کے 5 ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جانوں کی خاطر ایسی کاروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
