لاہور(7 اپریل 2023 ) بھارت نے غلطی سے سرحد پار کرنیوالے نوجوان کو 16ماہ بعد رہا کردیا، نوجوان وطن واپس پہنچ گیا۔ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے بھارت میں قید پاکستانی شہری کو رہا کروا کر آج اٹاری واہگہ بارڈ کے ذریعے پاکستان واپس بھیج دیا۔
اس موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ بھارت سے تمام پاکستانی قیدیوں کو ان کی سزا پوری ہونے پر وطن واپس لانے کے لیے تمام کوششیں جاری رکھیں گے ۔ یاد رہے رہائی پانے والے ذوالقرنین ظفر نامی نوجوان کا تعلق پنجاب کے شہر منڈی بہاؤالدین سے ہے جو نومبر 2021ء میں نارووال کے علاقے سے غلطی سے سرحد عبور کرکے ہندوستان کی حدود میں چلا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان غلطی سے سرحد عبور کرنے والے شہریوں کی 72 گھنٹے میں واپسی کا معاہدہ ہے تاہم دونوں جانب کے سکیورٹی اداروں کی جانب سے متعلقہ شخص کی شہریت کی تصدیق اور انویسٹی گیشن کے باعث رہائی میں بعض اوقات کئی سال لگ جاتے ہیں۔
