لاہور (تازہ ترین – آن لائن۔ 23 اگست2022ء) مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے گجرات کو ڈویژن اور کنجاہ اور جلالپور جٹاں کو تحصیل بنانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے علاقہ کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے اور اس سے گجرات ڈویژن کے اضلاع گجرات، منڈی بہائوالدین اور حافظ آباد کے لوگوں کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل ہونگے ۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے وزیرآباد کارڈیالوجی انسٹییوٹ اور عزیز بھٹی ہسپتال کی 500،500 بیڈز تک اپ گریڈیشن اور زچہ بچہ اور کینسر ہسپتال بنانے سے علاقہ کے مریضوں کوبہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم ہونگی ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی سابق ادوار وزارت اعلیٰ پنجاب کی طرح ایک بار پھر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں ہم وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے ضلع گجرات کو ڈویژن کا درجہ دے دیا
چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں پنجاب ایک بار پھر خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں شعبہ خواتین کی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے گجرات سے حافظ آباد دو رویہ سڑک اور منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد کو ملانے کے لئے دریائے چناب پر قادرآباد کے قریب پل بنانے، گجرات میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام پر کام تیزکرنے، گجرات کے لئے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کا بہترین نظام لانے، گجرات میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنانے سے گجرات ڈویژن کی عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونگے۔
گجرات میں انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام اور سکولوں کالجوں کی اپ گریڈیشن سے گجرات دور جدید کا علی گڑھ بن جائے گا اور علاقہ کے طلباء و طالبات اپنی اعلیٰ تعلیم اپنی ہی اضلاع میں مکمل کرسکیں گے۔
