چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن منڈی بہاءالدین یاسین اقبال ورک کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رضوان اشرف شامی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے تمام پرائیویٹ اسکولز جو پہلے سے منظور شدہ ہیں یا نئے سرے سے اپنے سکول کی رجسٹریشن کروانا چاہتے ہیں فوری طور پر پیپرس پہ تجدید رجسٹریشن یا اپنا اکاؤنٹ بنا کر نئی رجسٹریشن کے لئے اپلائی کریں
منڈی بہاءالدین(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ان کا کہنا تھا کہ تجدید رجسٹریشن کا آن لائن فارم بھرنے کے بعد سکول مالک کے لئے لازمی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی، سابقہ ای لائسنس کی کاپی، ایک عدد خالی اسٹام پیپر جو مالک کے نام پہ جاری ہوا ہو اور سکول پرنسپل یا مالک کے دستخط اور مہر لگی ہو، جس پر ضروری سرٹیفیکیٹ چاہیے، جمع شدہ فیس رسید کی کاپی یا چالان فارم کی کاپی، بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ اصل اور فوٹو کاپی، ہیلتھ سرٹیفیکیٹ اصل اور فوٹو کاپی کی ایک فائل لے کر فوری طور پر ایجوکیشن آفس آ کر جمع کروائے تاکہ مزید کاروائی کے بعد اسکولز کو ای لائسنس جاری کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے سرے سے رجسٹریشن کروانے کی صورت میں رجسٹریشن کی فائل مکمل کرکے آن لائن فارم بھی سینڈ کرنا لازمی ہے اور ہارڈ کاپیز کی فائل جمع کروانا بھی لازمی ہے تاکہ تمام تر ریکارڈ مکمل ہونے اور تصدیق کئے جانے کے بعد ای لائسنس جاری کیا جا سکے، رضوان اشرف شامی کا کہنا تھا کہ ایسے سکول جنھوں نے گزشتہ سال یا اس سال ابھی تک اپنی رجسٹریشن کے لئے اپلائی نہیں کیا وہ بھاری جرمانے اور سکول سیل ہونے سے بچنے کے لئے فوری طور پہ اپنے سکول کی رجسٹریشن کروائیں۔
