ڈپٹی کمشنر کا محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے تمام محکموں کو ایک یوم کے اندر پلان مرتب کرکے پیش کرنے کا حکم

ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین طارق علی بسرا نے محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے تمام محکموں کو ایک یوم کے اندر اپنا اپنا پلان مرتب کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 03اگست2021)انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت، ریسکیو 1122، میونسپل کمیٹیاں ،سول ڈیفنس، اسپیشل برانچ، واپڈا، ٹیلیفون اور سوئی گیس کے نمائندے مجالس اور جلوس کے داخلی و خارجی راستوں، روٹس کے علاوہ بجلی ٹیلیفون کی لٹکتی تاروں ،سوئی گیس کے مرمتی کام کے علاوہ دیگر مسائل کا ازسرنو جائزہ لیں اور اگلے اجلاس میں حتمی رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران روٹس اور مجالس کے راستوں میں ترقیاتی کاموں پر پابندی ہو گی۔

اس امر کا فیصلہ انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں مختلف ضلعی محکموں کے افسران کے ساتھ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق،اسسٹنٹ کمشنرز منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ، پھالیہ ساجد منیر کلیار، ملکوال عثمان غنی،سی ای او ہیلتھ،سی ای ایجوکیشن،انچارج ریسکیو 1122،محکمہ ٹریفک پولیس،سول ڈیفنس ،میونسپل آفیسرز، سوئی گیس، واپڈا، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو اپنے اپنے پلان کے مطابق اے کیٹیگری کی مخصوص جگہوں کا وزٹ کریں اور مجالس اور روٹس کے راستوں میں اگر کوئی بڑا مسئلہ ہو تو اپنے طور پر حل کریں اورناممکن مسئلے کو انتظامیہ کے نوٹس میں لایا جائے۔انہوں نے واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے تمام محکموں سے کہا کہ وہ ایک دوسرے سے مربوط رابطوں کے ذریعے اپنے اپنے ورکنگ پلان بھی پیش کریں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت محرم الحرام میں امن و امان کے مستقل قیام کو فوکس کئے ہوئے ہے اور اسے بر قرار رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے اسٹنٹ کمشنرز ، سی او ایم سیز ، واپڈا، سوئی گیس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر وزٹ کرنے اور چیکنگ کے نظام کو موثر اور فعال بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے راستوں میں کہیں بھی بجلی یا ٹیلی فون کی تاریں لٹکی ہوئی نہ ہوں، سوئی گیس کی پائپ لائن درست حالت میں ہونی چاہیئں۔ میونسپل کمیٹیاں صفائی ستھرائی ، سڑکوں کی پیچ کے علاوہ پتھر، اینٹوں ، ریت بجری کا خاتمہ کرائے اور ہر قسم کی رکاوٹوں کو پہلے سے ہی ختم کیا جائے۔ اس حوالے سے کئے گئے انتظامات پر تمام متعلقہ محکمے کلیئرنس سرٹیفکیٹ دینے کے پابند ہوں گے۔

طارق علی بسرا نے کہا کہ محکمے آپس میں رابطہ رکھیںاور تمام محکموں کے پاس ایک دوسرے کے رابطہ نمبرز موجود ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے مرکزی کنٹرول روم ڈی سی آفس جبکہ تحصیل دفاترز میں بھی کنٹرول رومز قائم کئے جائیں ، ڈیوٹی روسٹرز تیار کر کے افسران اور سٹاف کی ڈیوٹیاں تفویض کی جائیں اور ہر محکمے کی جانب سے فوکل پرسن بھی مقرر کئے جائیں۔ اسے سی صاحبان امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کریں اور امن کمیٹیوں کے قد آور علماءکے ساتھ مضبوط رابطوں کے ذریعے کسی بھی قسم کے متوقع ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاریاں رکھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں