ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ مہر عمرداراز جھاوری نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا، اسلام نے تعلیم کے حصول کی عملی تاکید کی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈسٹرکٹ جیل اور کدھر شریف میں تعلیم بالغان پروگرام کے لٹریسی سنٹرز کا سر پرائز دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف علی تارڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، فیلڈ آفیسر رانا مزمل کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔
منڈی بہاﺅلدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 08 نومبر 2021 ) اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی نے بتایا کہ نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ وفاقی وزارت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ گورنمنٹ آف پاکستان کا ایک ذیلی ادارہ ہے جو کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے ساتھ مل کر ان پڑھ افراد خصوصاً خواتین کو وسیلہ تعلیم وظائف کے ذریعے سو فیصد داخلہ، غیر حاضری کو کنٹرول اور بنیادی تعلیم کی فراہمی، لٹریسی ریٹ کی بہتری، جہالت اور پسماندگی کے خاتمے جبکہ دینی مدارس کی رجسٹریشن اوررضا کاریت برائے سماجی ترقی پروگرام کے ذریعے ملکی مسائل کے خاتمہ اورسماجی ترقی میں بہتری کیلئے گراس روٹ لیول پرکام کررہا ہے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل رانا شمشاد حسین نے کہا کہ وفاقی حکومت ملکی اور صوبائی سطح پر ”تعلیم سب کیلئے ”کو فروغ دے رہی ہے بالخصوص ان پڑھ خواتین کو تعلیم کی فراہمی ایک انقلابی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی کی جانب سے کدھرشریف میں لٹریسی سنٹرکے ذریعے ان پڑھ خواتین کو بنیادی تعلیم کی فراہمی، کامیاب زندگی گزارنے کیلئے مہارتیں،سماجی ترقی میں بہتری لانے کیلئے مخصوص کوششیں کی جارہی ہیں.
جبکہ ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاﺅالدین میں ان پڑھ قیدیوں کو بنیادی تعلیم فراہم کرکے جرائم پر قابو پانے کیلئے اورمثبت سوچ کوپروان چڑھانے کیلئے خصوصی کرداراداکر رہا ہے جس سے ہمارا ملک اور معاشرہ ترقی کی راہ پر گاامزن ہو گا جو کہ ایک قابل ستائش عمل ہے ۔ انہوں نے ان پڑھ مر و و خواتین پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تعلیمی سہولیات سے لازماً فائدہ اٹھائیں اور زیور تعلیم سے آراستہ کریں تا کہ وہ فعال شہری بن کر ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔
