وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس میں محفل میلاد کا انعقاد کیاگیا ۔ جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن راجہ منصور علی خان، اسسٹنٹ ڈی آئی او عاطف منیر، محکمہ کے اہلکاران ،علمائے کرام ،نعت خوان حضرات اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15 اکتوبر 2021) تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا،محفل میلاد میں معروف نعت خوانوں نے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں نعت کی شکل میں گلہائے عقیدت پیش کئے اور میلاد کے حوالے سے حضور اقدس ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت درود و سلام پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر جامعہ عثمانیہ کے معروف عالم محمد عاطف نے آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کے میلاد کے انعقاد سے دلوں کو سکون اور تقویت ملتی ہے ،
انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول مسلمانوں کیلئے باعث رحمت اور باعث سعادت ہے اس با برکت مہینے کو عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بے شک نبی اکرم ﷺ کی سیرت اور صورت دونوں بے مثال ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ نبی اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا اور ان سے محبت کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نبی کریم ﷺ کی بعثت سے قبل دنیا سماجی و معاشرتی برائیوں میں ڈوبی ہوئی تھی۔ آپ ﷺ کی بعثت اور آمد نے معاشرے کو جہالت اور گمراہی سے نجات دلائی۔
انہوں نے کہاکہ سیرت طیبہ پر عملدرآمد سے ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی سطح پرعشرہ رحمت اللعالمین کو منانے کا مقصد موجودہ اور آنے والی نسلوں کو نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات، سیرت طیبہ اور اسلامی اقدار سے روشناس کرانا ہے تا کہ مملکت خداد پاکستان کو صحیح معنوں میں ریاست مدینہ کی عملی شکل دی جا سکے۔
