phalia gym khana

پھالیہ جم خانہ میں شان رحمت اللعالمین کے حوالے سے محفل کا انعقاد

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ پوری انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے، آپ ﷺ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ، یہ ہماری خوش بختی ہے کہ ہم عظیم شان والے اس نبی کی محفل میں شریک ہیں ، جن کو اللہ تعالیٰ نے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا ، جن کی آمد سے دنیا سے جہالت کے اندھیرے دور ہوئے اور ہر طرف امن و انصاف کا بول بالا ہوا، نوجوان نسل حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرے اور دنیا کے کارآمد انسان بن سکتے ہیں۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 18 اکتوبر 2021) ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جم خانہ پھالیہ میں شان رحمت اللعالمین کے حوالے سے منعقدہ محفل سماع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ،سرکاری افسران کے علاوہ عوام الناس کی کثیر تعداد شریک تھی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، محفل سماع میں معروف قوالوں نے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں قوال کی شکل میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نبی اکرم ﷺ کا امتی ہونے کا شرف رب العزت کا بہت بڑا انعام ہے۔ قرآن پاک میں جگہ جگہ اللہ پاک نے آپ ﷺ کی شان کے تذکرے فرمائے اور یہ اس بات کی گواہی ہے کہ سرکار دو عالم کی عظمت و شان کا مرتبہ کتنا اعلیٰ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی اسوہ حسنہ اور تعلیمات سے صرف مسلمانوں نے ہی نہیں بلکہ غیر مسلموں نے بھی رہنمائی حاصل کی ہے۔

آپ ﷺ کی شخصیت حسن اخلاق کا اعلیٰ ترین نمونہ تھی جو دنیا بھر کے انسانوں کیئے مشعل راہ بھی ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ مسلمان متحد ہیں اورہر مسلمان حرمت رسول کیلئے اپنی جان ومال قربان کرنے کیلئے ہر وقت اور ہر لمحہ تیار ہے۔انہوں نے شرکاء تقریب سے کہا کہ آج بھی اسلامی پرچم کی سر بلندی کیلئے مسلم معاشرے کو نبی اکرم ﷺ کی زندگی کو اپنے معمولات کا محور بنانا ہو گا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے عشرہ شان رحمت اللعالمین کے حوالے سے نمایاں پوزیشنز ہولڈر طلباء میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں