ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر 10 بلین سونامی ٹری پلانٹیشن پروگرام کے تحت صوبہ بھر کی طرح ضلع منڈی بہاﺅالدین میں بھی شجرکاری مہم کے سو فیصد اہداف مکمل کئے جائیں گے.
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 23فروری 2022 ) انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعظم پاکستان کے 10بلین ٹری پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے شہر بھر میں مختلف شاہراہوں پر نا صرف بھر پور طریقے سے شجرکاری مہم جاری رکھی جائے بلکہ عوام الناس میں آگاہی کیلئے مختلف شاہراہوں اور اہم چوکوں پر بینرز بھی آویزاں کئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے موسم بہار کی شجرکاری مہم کے حوالے سے ڈی سی آفس کے لان میں پودا لگا کر باقاعدہ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈی او فاریسٹ رانا محمد اکرم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈی او فاریسٹ رانا محمد اکرم نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کے 10 بلین ٹری پروگرام کے تحت سرکاری دفاتر ، گھروں کے لانز اور دیگر دستیاب اراضی پر شجرکاری مہم بھر پور طریقے جاری ہے ، انہوں نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین کیلئے امسال 2022 کو دس لاکھ 79 ہزارپودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جو کہ پچھلے سال کی طرح امسال بھی کامیابی سے مکمل کر لیا جائے گا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا 10 بلین سونامی ٹری پلانٹیشن پروگرام موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا.
انہوں نے ہدایت کی کہ شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے ہر سطح پر شہریوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے کیونکہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرکے ہی ماحولیاتی آلودگی اور پانی کی قلت کے بحران سے بآسانی نمٹا جاسکتا ہے اور کرہ ارض کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو بھی روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شجرکاری صرف حکومت کا کام نہیں بلکہ شجرکاری مہم کو اجتماعی کوششوں سے ہی کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔بعدازاں آگاہی واک اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔
