منڈی بہاءالدین میں عشرہ شان رحمت اللعالمین پورے مذہبی جوش و خروش و تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پرصوبے کے دیگر شہروں کی طرح عشرہ شان رحمت اللعالمین پورے مذہبی جوش و خروش و تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے ضلع و تحصیل سطح پر شان رحمت اللعالمین جلوسوں کی قیادت کی۔ ان جلوسوں اور ریلیوں میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، تینوں تحصیلوں کے سی ایم سیز، مختلف محکموں کے افسران و ملازمین، تاجر برادری کے نمائندوں، معززین شہر، میڈیا کے نمائندگان سمیت عوام الناس کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔

منڈی بہاءالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19 اکتوبر 2021) ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی زیر نگرانی ضلع سمیت تحصیلوں میں جگہ جگہ شان رسالت ﷺ کے حوالے سے سینکڑوں جلوسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ شرکائے جلوس نے آقائے دو جہاں کی محبت سے لبریز نعروں والے کتبے، بینرز اور جھنڈیاں اٹھا رکھی تھیں اور نبی اکرم ﷺ کی شان میں قصیدے اور نعت خوانی کر رہے تھے جبکہ معروف نعت خوانوں نے نبی کریم ﷺ کو خوبصورت نعتوں کے ذریعے گلہائے عقیدت پیش کئے اور علمائے کرام نے پیارے رسول ﷺ کی شان اور حیات مبارکہ پر روشنی ڈالی۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے تحصیل پھالیہ اور منڈی بہاﺅالدین میں منعقد ہونے والی جلوسوں اور ریلیوں کی قیادت بھی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت اور حکومت کے مرتب کردہ پروگرام کے مطابق یکم ربیع الاول سے لے کر 12ربیع الاول تک مختلف تقریبات کا انعقاد کیاگیا جس میں سرکاری اور نجی سطح پر عوام الناس نے نا صرف بھر پور شرکت کی بلکہ اپنی طرف سے شاندار تقاریب کا بھی انعقاد کیا جو اس بات کا مظہر ہے کہ عوام الناس نبی پاک ﷺسے بے پناہ عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا جن کے اسوہ حسنہ کی کامل پیروی و اتباع کر کے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی مناتے ہوئے ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ ہم اپنی زندگیوں کو تعلیما ت نبوی کے عین مطابق گزاریں گے تا کہ ہم دنیا و آخرت میں سر خرو ہو سکیں۔طارق علی بسرا نے کہا کہ جشن عید میلادالنبیﷺ کا اصل پیغام اور مدعا یہ ہوناچاہئیے کہ ہم اسوہ رسول پاک سے رہنمائی لے کر اپنی صفوں میں اتحاد اور ایمانی قوت پیداکریں تاکہ تمام طاغوتی اور اسلام دشمن طاقتوں کو منہ توڑ جواب دیا جاسکے۔

انہوں نے مذید کہا کہ آج کا دن ہم سب کیلئے سب سے زیادہ مقدس ومحترم ہے کیونکہ اس دن ہمارے پیارے نبی اکرم ﷺ کی ولادت با سعادت ہوئی ۔ اس کی جتنی بھی خوشی منائیں، کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے جس پر چل کر ہم انسانیت کی معراج کو پہنچ سکتے ہیں۔ بعد ازاں جلوسوں اور ریلیوں کے اختتام پر دعائیں بھی کروائی گئیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں