سپورٹس جمنیزیم منڈی بہاوالدین میں یوم آزادی کے سپورٹس فیسٹیول کا آغاز

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 12 اگست 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ کھیلیں ہمیں صحت مند اور توانا رکھنے کے ساتھ ساتھ ہمارے اندر نظم و ضبط اور ہر طرح کے نتائج برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کرتی ہیں۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے سے صحت مند معاشرے کے قیام میں معاونت مل سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں سپورٹس جمنیزیم میں یوم آزادی 14 اگست 2021 کے سپورٹس فیسٹیول کے حوالے سے منعقدہ بیڈمنٹن کے فائنل مقابلوں کے اختتام پر جیتنے والے اور رنر اپ کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور شیلڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ماجد حسین، کھلاڑیوں سمیت عوام الناس کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر ڈی او سپورٹس ماجد حسین نے بتایا کہ حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر یوم آزادی 14 اگست 2021 کے حوالے سے سپورٹس فیسٹیول میں بیڈ منٹن مقابلوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مراحل سے ہوتے ہوئے2 بہترین ٹیموں کے درمیان آج فائنل مقابلوں کو انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں کو ڈپٹی کمشنرنے نقد انعامات اور شیلڈز سے نوازا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ کھیلیں نوجوانوں میں سپورٹس مین سپرٹ کا جذبہ پیدا کرتی ہیں اور انہیں معاشرے کا ایک فعال شہری بنانے میں بھی مدد دیتی ہیں۔ کھیلیں معاشرے میں رواداری بھائی چارے اور حب الوطنی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان سے بچوں میں برداشت اور مل جل کر کام کرنے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ کھیلیں بچوں کی کردار سازی میں نمایاں رول اد ا کرتی ہیں جو بچے صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں وہ ہمیشہ صحت مند رہتے ہیںاور بڑے ہوکر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ انہوں نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اگر اسی طرح ملک کیلئے کام کرتے رہے تو جلد بہت آگے نکل جائیں گے۔

طارق علی بسرا نے کہا کہ کھیلوں سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیل کے میدان آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جسم کو تندرست و توانا رکھنے بالخصوص نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچانے اور انہیں معاشرے کا صحت مند اور کارآمد شہری بنانے کیلئے ہمیں کھیل کے میدان آباد کرنا ہونگے اور سپورٹس کو فروغ دینا ہوگاجس سے ایک بہتر معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں