اوورسیز پاکستانی کمیٹی منڈی بہاوالدین کو 17 شکایات پیش، موقع پر احکامات جاری

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 04 اگست2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیز کے مقامی سطح پر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں، سمندر پار پاکستانیز پاکستان کی شناخت اور سفیر ہیں ، انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو یہاں پر درپیش مشکلات کے حل اور انہیں تمام ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں، اوورسیز کمیٹی کے اجلاسوں میں درخواستوں اور شکایات کا فوری نوٹس لے کر بلا تاخیر محکمانہ اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی جاتی ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، فوکل پرسن و تحصیل کونسل آفیسر شہزاد اختر تارڑ، پراسیکیوشن وریونیو افسران ، انسپکٹر غضنفر، ممبر اورسیز کمیٹی فیصل گوندل، ترجمان اوورسیز کمیٹی حمزہ علی ، مختلف محکموں کے افسران، درخواستگزار اور اوورسیز پاکستانیز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اجلاس میں اراضی پر قبضوں، مشترکہ راستوں پرآمدورفت میں رکاوٹ، جائیدادوں کی وراثتی تقسیم، رقوم کے لین دین، تجاوزات، دھوکہ دہی اور دیگر مسائل پر مشتمل درخواستیں اور شکایات پیش کی گئیں۔ درخواستیں ریونیو، پولیس، گیپکوسے متعلق تھیں۔ قبل ازیں اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے متعلق کمیٹی میں 17 شکایات پیش کی گئیں جن کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کر دئیے گئے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے مختلف محکموں کے افسران کو کیسز سے متعلق اپنی پراگریس رپورٹ اور بعض زیر التوا کیسزمیں فوری کاروائی کر کے میرٹ پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ا نہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پوری تیاری کے ساتھ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ، پولیس اور دیگر محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لیں اوراعلیٰ حکام کی جانب سے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔توقیر الیاس چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں ان کے مفادات کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ نا جائز قابضین اور دھوکہ دہی کے مرتکب افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا اور کسی فریق کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں