اسسٹنٹ کمشنر کی منڈی بہاوالدین میں کاروائی، غیر قانونی7ڈھابہ پٹرول ایجنسیز سیل

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 08 جون2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ نے شہر میں قائم غیر قانونی پٹرول ایجنسیز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 7ڈھابہ پٹرول ایجنسیز کو سیل کر دیا جبکہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اوورچارجنگ پر مختلف پیٹرول پمپس مالکان کو اوور چارجنگ پر 30ہزار روپے جرمانہ بھی کیا ۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ نے کہا کہ حکومتی اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت کے مطابق غیر قانونی ڈھابہ پیڑول ایجنسیز کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے اور ایسی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اے سی نے کہا کہ صارفین کی جانوں کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گاچاہے کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔امتیاز علی بیگ نے غیر قانونی ڈھابہ پیٹرول ایجنسیز مالکان کو خبردار کیا کہ وہ ایسے غیر قانونی افعال سے باز رہیں۔ چیکنگ کے دوران خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے جانے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے اور انہیں جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔

امتیاز علی بیگ نے کہا کہ ناپ تول اور اوزان میں پیمائش پر کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے غیرقانونی کام کرنے والوں کے خلاف آپریشن کو قابل تحسین قرار دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں