اسسٹنٹ کمشنر ملکوال کی زیر نگرانی مقامی میرج ہال میں محفل میلا دکا انعقاد کیا گیا

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی کی زیر نگرانی مقامی میرج ہال میں محفل میلا دکا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار نے مہمانان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 19 اکتوبر 2021) محفل میلاد میں نامور علمائے کرام اور ثناءخوانوں نے شرکت کی اور بارگاہ سرور کونین کے حضور ہدیہ گلہائے عقیدت پیش کئے۔ میلاد کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ نبی کریم کااسوہ حسنہ ﷺ ہمارے لئے مشعل راہ ، دین و دنیا اور آخرت میں نجات کا زینہ ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ دنیاوی مشکلات کا حل آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کے امتی ہونے کا شرف اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہت بڑا انعام ہے ، انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی بعثت سے ظلم اور تاریکی کے اندھیرے چھٹ گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عشرہ رحمت اللعالمین منانے کا مقصد اپنی موجودہ اور آئندہ آنے والی نسلوں کو سیرت طیبہ اور آپ ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات قیامت تک آنے والے انسانوں کی نجات کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے صوبائی حکومت کے عشرہ رحمت اللعالمین کے انعقاد کو ایک احسن اقدام قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مسلمانوں کیلئے نبی اکرم خاتم النبین اور رحمت اللعالمین سے بڑھ کر دنیا میں اور کوئی نہیں اور ہر مسلمان حرمت رسول ﷺ پر اپنی جان و مال قربان کرنے کیلئے ہر لمحہ تیار ہے ۔انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ موجودہ دور کے مسائل کے حل کیلئے ہمیں آ پ ﷺ کی تعلیمات پر صدق دل سے عمل کرنا ہو گا تا کہ دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں