اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی کی زیر صدارت محرم الحرام کی مناسبت سے امن کمیٹی کا اجلاس منعقد

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 05 اگست2021) اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی کی زیر صدارت محرم الحرام کی مناسبت سے امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چیف آفیسر تحصیل کونسل ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بشیر تارڑ اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سمیت امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام پروگراموں کے دوران کورونا ایس او پیز کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا اور محرم الحرام کے آغاز سے قبل ہی تمام انتظامی امور کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم الحرام میں دین اسلام کی سربلندی کے لئے خانوادہ رسول کی اپنے اصحاب سمیت لازوال قربانیوں کا انتہائی مبارک مہینہ ہے اور اس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے بھائیوں کو اپنے اپنے عقائد کے مطابق عبادات کا حق حاصل ہے لہٰذا مکتب جعفریہ مسلک سے تعلق رکھنے والے انتظامیہ کے کتابچوں میں درج مجالس عزائ، ماتم داری و ماتمی جلوس شبیعہ ذوالجناح و علم شیڈول کے مطابق ادا کئے جائیں گے اور کسی قسم کی قانونی خلاف ورزی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی میں شامل علمائے کرام و دیگر معزز ممبران مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دے کر اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر شیعہ علماءکونسل تحصیل ملکوال نے ماہ محرم الحرام میں امن وآمان کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے اختتام پر وطن عزیز کے استحکام و سالمیت کے لیے دعا کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں