long march

منڈی بہاوالدین کے کارکنان لانگ مارچ کا حصہ بھی بن جائیں گے، ن لیگ

لاہور (تازہ ترین 23 مارچ2022ء) پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم کے تحت پاکستان مسلم لیگ (ن)کا مہنگائی مکائو مارچ آج بروز ( جمعرات ) سے شروع ہو گا۔ لانگ مارچ 18 مقامات پر پڑاو کرتا ہوا 26 مارچ کی رات کو راولپنڈی پہنچ کر جلسے کے بعد اختتام پذیر ہو گا ۔مسلم لیگ (ن) کے اعلامیے کے مطابق لانگ مارچ کو مہنگائی مکائو مارچ کا نام دیا گیا ہے۔

لانگ مارچ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون سے دوپہر 2 بجے شروع ہو گا جس کی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز کرینگے۔ پارٹی اعلامیے کے مطابق لاہور، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن کے اضلاع کے قافلے ماڈل ٹائون سے نکلیں گے۔ شمالی لاہور کے کارکنان داتا دربار پر لانگ مارچ کا استقبال کر کے اس کا حصہ بنیں گے۔

ضلع شیخوپورہ اور ضلع ننکانہ صاحب سے آنے والے قافلے اور شاہدرہ کے مقامی کارکنان شاہدرہ موڑ پر لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔فیروزوالہ پہنچنے پر وہاں کے کارکن لانگ مارچ میں شامل ہو جائیں گے۔ فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور چنیوٹ اضلاع سے براستہ موٹر وے آنے والے قافلے کالا شاہ کاکو انٹرچینج پر لانگ مارچ کا حصہ بن جائیں گے۔

مریدکے اور ضلع نارووال کے کارکنان مریدکے میں لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔ کامونکی اور گوجرانوالہ پہنچنے پر وہاں کے کارکنان لانگ مارچ کا حصہ بنتے رہیں گے۔24 مارچ کو رات گئے گوجرانوالہ شہر میں جلسہ ہو گا اور لانگ مارچ کے شرکا وہاں قیام کرینگے۔ پارٹی اعلامیے کے مطابق جمعہ 25 مارچ کو لانگ مارچ کے شرکا دوپہر 2 بجے روانہ ہوں گے۔

گوجرانوالہ میں ہی حافظ آباد اور سیالکوٹ اضلاع کے قافلے بھی لانگ مارچ میں شریک ہو جائیں گے۔ گکھڑ پہنچنے پر وہاں کے مقامی اور علی پور چٹھہ کے کارکنان لانگ مارچ میں شامل ہوں گے۔گجرات پہنچنے پر گجرات اور منڈی بہاوالدین کے کارکناں نہ صرف لانگ مارچ کا استقبال کرینگے بلکہ لانگ مارچ کا حصہ بھی بن جائیں گے۔ لالہ موسی، کھاریاں اور سرائے عالمگیر پہنچنے پر لانگ مارچ میں وہاں کے مقامی کارکنان اس میں شریک ہو جائیں گے۔

25 مارچ کو رات کا قیام سرائے عالمگیر میں کیا جائے گا۔ 26 مارچ کی دوپہر 1 بجے جہلم شہر سے لانگ مارچ اپنے سفر کا دوبارہ آغاز کرے گا جس میں جہلم اور پنڈ دادنخان کے کارکنان بھی لانگ مارچ میں شامل ہوں گے۔دینہ، سوہاوہ اور گجرخان پہنچنے پر وہاں اور ضلع چکوال سے آنے والے کارکنان بھی لانگ مارچ کا حصہ بن جائیں گے۔

26 مارچ کی رات کو راولپنڈی پہنچنے پر اٹک، راولپنڈی، سرگودھا ڈویژن، ملتان ڈویژن، ڈی جی خان ڈویژن اور بہاولپور ڈویژن کے کارکنان لانگ مارچ کا استقبال کرینگے۔ 26 مارچ کی رات کو راولپنڈی میں بڑا جلسہ کیا جائے گا۔ لانگ مارچ میں شرکت کے حوالے سے پارٹی قیادت کی جانب سے صوبائی، ڈویژنل، ضلعی اور یونین کونسل تک کی سطح پر عہدیداروں اور کارکنان کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئیں

اپنا تبصرہ لکھیں