صوبائی وزیر برائے وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم نے منڈی بہاوالدین میں دسویں محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ کی

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19اگست 2021) صوبائی وزیر برائے وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم محمد اجمل چیمہ نے دسویں محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا معائنہ کیا، جہاں پر انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ اور جلوس کے مناظر دیکھے۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو ڈپٹی کمشنر نے مانیٹرنگ اور دیگر انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے 5 وارڈ اور ملکوال میں مرکزی جلوسوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ماتمی جلوسوں کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے حسینیہ مجالس کے منتظمین اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر منتظمین نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اپنے گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر محمد اجمل چیمہ نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور دیگر امور کی نگرانی کیلئے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پور ی کریں تا کہ کہیں بھی کسی قسم کی نا خوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو، انہوںنے کہاکہ عاشورہ کے تمام جلوسوں کے روٹس کی نگرانی رات گئے تک کی جائے اور مجالس اور جلوس میں کورونا ایس اوپیز کا بھی مکمل خیال کیا جائے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے بتا یا کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کے جلوسوں کی مانیٹرنگ اور سیکورٹی کے حوالہ سے فول پروف اقدامات کئے گئے ہیں۔جلوسوں کی سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں سے مانیٹر نگ کی جا رہی ہے جبکہ تحصیل سطح پربھی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے حساس مقامات کو براہ راست مانیٹر کیا جا رہا ہے جبکہ جلوس و مجالس کے تمام مقامات پر ہمارا فوکس ہے ،ماتمی جلوسوں اور مجالس کا سلسلہ پرامن انداز میں جاری ہے۔

انہوں نے مذید بتایا کہ امن و امان کے حوالہ سے منڈی بہاﺅالدین ہمیشہ کی طرح امن کی طرف گامزن ہے،اس حوالہ سے پولیس ، آرمی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت اراکین امن کمیٹی اورمنتظمین کا تعاون مثالی رہا ہے، ہم ان کے شکر گزار ہیں جنہوںنے موثر کوآرڈی نیشن اور منظم حکمت عملی کے تحت اپنے فرائض سر انجام دیئے اور امن و امان کی مثالی فضا کو برقرار رکھا۔صوبائی وزیر محمد اجمل چیمہ نے ضلعی انتظامیہ ، پولیس ، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پر امن پاکستان کے لئے ہم سب متحد ہیں اور اپنے وطن کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

ضلع کا امن ہماری ترجیح ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام اور انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف علماء کرام کے تعاون کو قد ر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ہم سب پاکستان کو درپیش صورتحال کی نزاکت اور سنگینی سے پوری طرح آگاہ ہیں اور وہ ملک سے فرقہ واریت اور عسکریت پسندی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ مثالی عمل کو بروئے کار لائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں