Category: دنیا بھر سے خبریں

columns

  • مراکش نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیا

    مراکش نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیا

    واشنگٹن: شمالی افریقا کے ایک اور عرب مسلمان ملک مراکش نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا۔

    اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر امریکا کے صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ آج ایک اور تاریخی پیش رفت ہوئی ہے۔ ہمارے دو قریبی دوست اسرائیل اور سلطنت مراکش نے ایک دوسرے کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات قائم کرنے پر رضا مند ہوگئے ہیں۔ یہ مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے ایک بہت بڑی پیش رفت ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کو امریکی صدر اور مراکش کے بادشاہ محمد ہشتم میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں اس معاہدے کو حتمی شکل دینے پر بات چیت کی گئی۔

    وائٹ ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بدلے میں صدر ٹرمپ نے مغربی صحارا پر مراکش کے دعوے کو قبول کرلیا ہے۔ اس علاقے میں مراکش اور الجیریا کے حمایت یافتہ پولیساریو محاذ کے مابین دہائیوں سے جھڑپیں جاری تھیں۔ پولیساریو اس خطے کو ایک آزاد ریاست بنانا چاہتے ہیں تاہم اب امریکا نے اس علاقے پر مراکش کا اختیار تسلیم کرلیا ہے۔

    رواں برس اگست کے بعد مراکش چوتھا عرب ملک کے ہے جس نے اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات قائم کرنا کا معاہدہ کیا ہے۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات، بحرین اور سوڈان، اسرائیل سے تعلقات کے معاہدے طے کرچکے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت مراکش اسرائیل سے باضابطہ اور مکمل سفارتی تعلقات قائم کرے گا اور تمام اسرائیلی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دے گا۔

    فلسطین عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے فیصلوں پر کڑی تنقید کرتا رہا ہے۔ اس کا مؤقف ہے کہ فلسطینی ریاست کے لیے علیحدہ قطعہ زمین کے دیرینہ مطالبہ پورا ہوئے بغیر اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرنا ان عرب ممالک کی اپنے دیرینہ موقف سے پسپائی ہے۔ صدر ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدے سے سبک دوش ہورہے ہیں اور اس معاہدے پر دستخط کروانا منصب پر رہتے ہوئے ان کے آخری کاموں میں سے ایک ہوگا۔

  • ماؤنٹ ایورسٹ مزید اونچا ہوگیا؛ نئی بلندی 8848.86 میٹر!

    ماؤنٹ ایورسٹ مزید اونچا ہوگیا؛ نئی بلندی 8848.86 میٹر!

    بیجنگ / کھٹمنڈو: گزشتہ روز چین اور نیپال کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ، جسے ’’کوہِ چومولانگما‘‘ بھی کہا جاتا ہے، ہماری سابقہ پیمائشوں کے مقابلے میں بھی زیادہ بلند ہے، جس کی اونچائی 8848.86 میٹر معلوم کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ یا ’’چومولانگما‘‘ ایک طرف چین کے علاقے تبت میں جبکہ دوسری جانب نیپال میں واقع ہے اور اسی بنا پر یہ دونوں ممالک کی مشترکہ ملکیت قرار دیا جاتا ہے۔

    2005 میں امریکی نظام، گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) کی مدد سے ’’کوہِ چومولانگما‘‘ کی اونچائی 8,844.43 میٹر معلوم کی گئی تھی جس پر حالیہ مہینوں میں چار الگ الگ سیٹلائٹ نظاموں یعنی امریکی جی پی ایس، چینی ’’بیدو،‘‘ روسی ’’گلوناس‘‘ اور یورپی ’’گیلیلو‘‘ کی مدد سے محتاط نظرِ ثانی کی گئی ہے۔

    اس طرح ماؤنٹ ایورسٹ/ کوہِ چومولانگما کی نئی بلندی 8848.86 میٹر معلوم ہوئی ہے جو اس کی سابقہ اونچائی کے مقابلے میں 4.43 میٹر زیادہ ہے۔ اس طرح دنیا کی سب سے بلند چوٹی اور بھی زیادہ اونچی قرار پائی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز یعنی 8 دسمبر 2020 کو چینی صدر شی جن پھنگ اور نیپالی صدر بدیا دیوی بھنڈاری نے مشترکہ طور پر ’’کوہِ چومولانگما‘‘ کی نئی بلندی کا اعلان کیا اور اس ضمن میں خطوط کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

    شی جن پھنگ نے اپنے خط میں نشاندہی کی کہ کوہِ چومولانگما/ ماؤنٹ ایورسٹ چین اور نیپال کی روایتی دوستی کی اہم علامت ہے۔ دونوں ممالک دنیا کی بلند ترین چوٹی کو چین نیپال دوستی کی چوٹی قراردیتے ہیں۔ چین نیپال کے ساتھ کوہ چومولانگما کے حیاتیاتی ماحول کے تحفظ اور سائنسی تحقیق کو مزید فروغ دینے کا خواہش مند ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے مشترکہ گھر کا بہتر انداز میں تحفظ کیا جاسکے۔

    صدر شی جن پھنگ نے پر زور الفاظ میں کہا کہ رواں سال چین اور نیپال کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 65 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں دو طرفہ سیاسی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ’’دی بیلٹ اینڈ روڈ‘‘ کی تعمیر کو مزید آگے بڑھایا جارہا ہے۔ چین اور نیپال کو مزید قریبی ہم نصب معاشرے کی تعمیر کےلیے مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانا چاہیے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام تک اس کے ثمرات پہنچائے جاسکیں

  • ایمریٹس ایئر لائن نے پاکستانی مسافروں کے لیے شاندار اعلان کر دیا

    ایمریٹس ایئر لائن نے پاکستانی مسافروں کے لیے شاندار اعلان کر دیا

    ریاض( تازہ ترین 7دسمبر2020ء) متحدہ عرب امارات میں دسمبر کی تعطیلات کی آمد آمد ہے۔ کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کا آغاز عنقریب ہونے والا ہے جس دوران لاکھوں افراد ایمریٹس سے باہر سیر و تفریح کے لیے جائیں گے کیونکہ بچوں کو تعلیمی اداروں سے بھی کئی روز کی چھٹیاں ہوں گی۔ جبکہ دُنیا بھر سے بھی ہزاروں افراد ان تعطیلات کے دوران امارات کا رُخ کرتے ہیں۔

    سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد و رفت کے پیش نظر ایمریٹس نے مسافروں کے لیے شاندار پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت انہیں رعایتی نرخوں پر ٹکٹس فراہم کی جائیں گی۔ جن ممالک کے لیے فری ٹکٹس کا اعلان کیا گیا ہے، ان میں پاکستان، بھارت ، برطانیہ اور جنوبی افریقہ سمیت کئی یورپی اور ایشیائی ممالک شامل ہیں۔

    ایمریٹس کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ کراچی کے لیے اکانومی کلاس کی ٹکٹ 1,045 درہم میں دستیاب ہو گی جبکہ بزنس کلاس کی ٹکٹ کی قیمت 3,765 درہم مقرر کیے گئے ہیں۔ البتہ کورونا وبا کی وجہ سے جہازوں میں چونکہ کم مسافر سوار کیے جا رہے ہیں، اس لیے لوگوں کو وقت سے کافی پہلے بکنگ کروانا ہو گی۔ ایمریٹس کی جانب سے یہ آفر ان مسافروں کو دی گئی ہے جو 19 دسمبر 2020ء تک ٹکٹس کی بکنگ کروائیں گے ۔ ان رعایتی ٹکٹس کی میعاد 31 مئی 2021ء تک ہو گی۔ ایمریٹس کی جانب سے اپنے تمام مسافروں کو کورونا سے بچاؤ کے لیے خصوصی کٹس بھی فراہم کی جا رہی ہیں جن میں گلوز، ماسک، سینیٹائزرز اور اینٹی بیکٹریل رومال شامل ہیں۔

    جبکہ مسافروں کو کورونا ہو جانے کی صورت میں ان کا علاج معالجہ اور قرنطینہ کے اخراجات بھی ایمریٹس ہی برداشت کرے گی۔ ایمریٹس ایئر لائن کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے مسافروں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے کورونا گائیڈ لائنز پر بھرپور طریقے سے عمل کروایا جا رہا ہے۔ جس کو بین الاقوامی ہوائی تنظیموں نے بھی بہترین قرار دیا ہے۔

  • سعودیہ میں کفیل سسٹم سے تنگ آئے پاکستانیوں کے لیے اہم اعلان ہو گیا

    سعودیہ میں کفیل سسٹم سے تنگ آئے پاکستانیوں کے لیے اہم اعلان ہو گیا

    ریاض( تازہ ترین اخبار۔4دسمبر2020ء) سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی کفیلوں کے زیر انتظام کام کرتے ہیں جن کی ایک بڑی گنتی کفیلوں کی جانب سے سختی اور خراب رویئے کی شکایت کرتی ہے اور اس معاملے میں پریشان دکھائی دیتی ہے۔ تاہم کچھ ہفتے قبل سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ جلد نظام کفالت میں تبدیلیاں کر دی جائیں گی جس کے بعد ملازمین کفیل کی بے جا پابندیوں سے آزاد ہو جائیں گے۔

    اس حوالے سے ایک سعودی وزیر نے اعلان کیا ہے کہ لیبر اصلاحات نجی شعبے کے اداروں میں مارچ2021 سے نافذ العمل ہو جائیں گی۔اُردو نیوز کے مطابق مملکت میں کام کے ماحول کی ترقی اور دیکھ بھال کے نائب وزیر سطام الحربی نے کہا کہ یہ اقدام لیبر مارکیٹ کو بہتر بنانے کی جانب بہتر قدم ہے۔ یہ مملکت میں ہونے والی ترقی کی رفتار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے وزارت کی جانب سے کی جانیوالی سابقہ کوششوں کاتسلسل ہے۔

    یہ بات انہوں نے ایک آن لائن ورکشاپ سے خطاب میں کہی جس کا اہتمام ریاض ایوان صنعت و تجارت نے وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے تعاون سے کیا تھا۔ اس پروگرام میں چیمبر کی نمائندگی انسانی وسائل اور لیبر مارکیٹ کمیٹی نے کی۔وزارت نے لیبر اصلاحات گزشتہ ماہ 4 نومبر کو پیش کی تھیں جس نے کفالت کے 70 سالہ قدیم نظام کی تجدیدیا اصلاح کی۔ یہ اقدام ملازمت کے مواقع کو بڑھاتا ہے جبکہ آجرکی رضامندی کے بغیر سعودی عرب سے واپسی کے ویزے سمیت ( ری انٹری ویزہ) مملکت سے باہر جانے اور فائنل ایگزٹ یعنی خروج نہائی کے اجرا کو باقاعدہ بناتا ہے۔

    اس کا اطلاق 5 کیٹیگریز کے سوا تمام نوعیت کے غیر ملکی کارکنوں پر ہوتا ہے۔ ان 5 کیٹگریز میں نجی ڈرائیور، گھرکا چوکیدار، گھریلو ملازم، نجی شعبے کے چرواہے، مالی یا کسان شامل ہیں۔سطام الحربی نے مزید کہا کہ لیبر اصلاحات کا اقدام لیبر مارکیٹ کی کشش میں اضافہ کرنیکی کوشش ہے۔ اس کی تیاری کے لئے وزارت نے بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کیا ہے۔

    انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت تاریخی لیبر اصلاحات کیلئے ایگزیکٹیو قواعدجلد جاری کرے گی۔ ان اصلاحات کا اعلان وزارت کی جانب سے حال ہی میں کیا گیا تھا۔توقع ہے کہ یہ اقدام لیبر مارکیٹ کی ترقی کے ضمن میں مثبت اقتصادی اثرات کا حامل ہوگا نیز یہ مملکت کے وژن2030 کے اہداف حاصل کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔وزارت نے اصلاحات کے مختلف پہلووٴں پر تفصیلی بحث کی اور 700 آجروں کواپنا نکتہ نظر پیش کرنے کیلئے کہا اور ان کے ساتھ میٹنگز بھی کیں تاکہ آجر اور اجیر کے مابین معاہدے سے متعلق تعلقات کو مزید بہتر بنایاجا سکے اور معاہدے میں فریقین کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے۔