وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر نگرانی ضلع منڈی بہاءالدین میں مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لیفٹیننٹ ریٹائرڈ محمد احمد ظہیر نے ڈفر جنگل میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور مہم کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد احمد ظہیر نے بتایا کہ آج ڈفر جنگل میں بیک وقت 10 ہزار پودے لگائے گئے ہیں جبکہ 2 ہزار پودے عوام الناس میں تقسیم بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امسال مجموعی طور ضلع بھر میں 12 لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔
ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ضلع منڈی بہاءالدین میں مون سون شجرکاری مہم بھر پور طریقے سے جاری ہے۔ وزیراعلی پنجاب کے “درخت لگائیں پاکستان کے لئے” نعرے کو کامیاب بنائیں گے۔
ممبر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ درخت ملکی معیشت، انسانی صحت کیلئے فائدہ مند اور بیماریوں سے نجات کا بڑا ذریعہ ہیں، اس کرہ ارض پر رہنے کیلئے درخت نہایت ضروری ہیں، آج یہاں ہمارے اکھٹا ہونے کا مقصد عوام الناس میں شجرکاری کا شعور اور آگاہی پیدا کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر ذمہ دار شہری کا یہ قومی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ وہ اپنے گلی، محلوں اور کھلی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی نگہداشت کیلئے شجرکاری کی اہمیت اور افادیت سے دوسروں کو بھی آگاہ کریں۔
ممبر قومی اسمبلی نے افسران پر بھی زور دیا کہ سکول، کالجز، ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو سرسبز بنانے کے لیے شجرکاری مہم میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ فضائی آلودگی کا خاتمہ کر کے شجرکاری مہم کو مستقل بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
