ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضا صفدر کاظمی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کی زیر صدارت عام انتخابات 2024 کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر شیخ محمد اقبال، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 22 جنوری 2024 ) اجلاس میں ضلع بھر کے پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی ، صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوکا کہنا تھا کہ الیکشن 2024کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کیلئے سکیورٹی اداروں کی بھر پور معاونت حاصل ہو گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی فورسز اور انتخابی امیدواروں کے تعاون سے پر امن ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائیں گے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔
ضلع بھر کے 80 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 150پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، جن کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے اضافی پولیس ،محکمہ صحت اور ریسکیو ٹیمیں بھی موجود رہیں گی ۔
