پھالیہ: منڈی بہاؤالدین میں سال 2023 کے دوران مختلف وجوہات کی بنا پر 122 افراد کو قتل کر دیا گیا جبکہ اقدام قتل کے واقعات میں 90 افراد شدید زخمی ہوئے۔
منڈی بہاءالدین ( 2 جنوری 2024) یکم جنوری تا 31 دسمبر کے دوران تحصیل پھالیہ میں 49 ،تحصیل منڈی بہاؤ الدین میں 41 اور تحصیل ملکوال میں 32 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ تحصیل پھالیہ میں 37، تحصیل منڈی بہاؤ الدین میں 31 اور تحصیل ملکوال میں 28 افراد کو اقدام قتل کے واقعات میں شدید زخمی کر دیا گیا۔
سال 2023 میں منڈی بہاءالدین میں کونسی خبریں زیادہ پڑھی گئیں؟
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤ الدین سید رضا صفدر کاظمی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ معاشرے میں تشدد کو فروغ دینے کے بہت سے عوامل موجود ہیں۔ ان میں مہنگائی بے روزگاری، برداشت اور تحمل کا فقدان، انصاف کی عدم فراہمی، امیری اور غریبی کا بڑھتا فرق، غربت جہالت اور نا انصافی کی وجہ سے بھی قتل و غارت ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قتل و غارت کی روک تھام کے لئے پولیس انسدادی کاروائی کرتی ہے تاکہ فریقین کے درمیان خون خرابہ روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے تعاون کے بغیر امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔ پولیس کا بھی فرض ہے کہ جرائم کے قلع قمع کے لئے عوام کو ساتھ لے کر چلے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں ۔
