ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت عیدالفطر کے دوران امن و امان، صفائی ستھرائی،ٹریفک سمیت دیگر انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ،سی اوز،سیکرٹری آر ٹی اے ، انچارج ریسکیو 1122، ڈی ایس پیز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19اپریل 2023) اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی پی او نے بتایا کہ عیدالفطر کے حوالے سے خصوصی سیکورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے اور عیدگاہوں، مساجد ، امام بارگاہوں اور پارکوں سمیت اہم مقامات پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالفطر کے موقع پر شاہراہوں پر ون ویلنگ ،نہروں اور دریاﺅں میں نہانے پر مکمل پابندی ہوگی۔اس حوالے سے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔
Eid Mubarak Wishes 2023 And Eid Greetings To Celebrate
ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری ڈی آر ٹی اے فریال فخرکو ہدایت کی کہ عید سے پہلے تمام روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے چیک کئے جائیں، کرائے نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔لاری اڈوں پرواش رومز کی حالت زار بہتر ، صاف پانی اور صفائی ستھرائی کو بہتر بنایا جائے ۔
ڈپٹی کمشنر نے میونسپل انتظامیہ کو عیدالفطر کے موقع پردو روز تک صفائی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی اور عملہ صفائی کی ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے اور پبلک مقامات پر صفائی اور لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کا خصوصی اہتمام کیا جائے ۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ عیدکی شاپنگ کے رش کے پیش نظر بازاروں اور اہم پبلک مقامات پر ٹریفک پلان مرتب کرکے اس پر عملدرآمد کروایا جائے۔بازاروں میں گاڑیوں اور موٹر سائیکل کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے اور اس حوالے سے پارکنگ ایریاز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ تمام افسران عید کی چھٹیوں کے دوران اسٹیشن پر موجود رہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر خود بھی شہر کا وزٹ کر کے تمام عمل کی نگرانی کروں گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے علاوہ ریسکیو 1122 اور ہیلتھ افسران کو کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس حوالے سے ضلعی سطح پر کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
