انچارج وفاقی محتسب ریجنل آفس سرگودھا مشتاق احمد اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالہ کا بنیادی مقصد عام لوگوں کو گھر کی دہلیز پر ہی انصاف مہیا کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی محتسب کیمپ آفس ، کھلی کچہری میں وفاقی محکموں کے متعلق شکایات کے فوری حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 06 اکتوبر 2022) اس موقع پر گیپکو، سوئی گیس، پاسپورٹ، نادرا اور پوسٹل لائف کے افسران بھی موجود تھے۔ سائلین نے مختلف اداروں جن میں گیپکو،سوئی گیس، پاسپورٹ نادرا اور پوسٹل لائف شامل ہیں سے متعلق شکایات پیش کیں۔ انچارج وفاقی محتسب نے موقع پر آئے ہوئے سائلین کی درخواستوں اور شکایات کا فرداََ فرداَ جائزہ لیااور شکایات کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے ۔
انچارج وفاقی محتسب مشتاق احمد اعوان نے تمام افسران کو وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا پیغام پہنچایا کہ عوام الناس کو بلا تاخیر انساف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی ادارے کی بہترین کارکردگی کو عوام الناس نے سراہا ہے کیونکہ یہ ادارہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر داد رسی پر فوراََ عملدرآمد کروانے کے مشن پر ہے ۔
انہوں نے بتایااس ادارے کے دفاتر میں شکایت درج کرانے کیلئے کسی قسم کی کوئی فیس نہ ہے اور نہ ہی سائل کو وکیل کی ضرورت ہوتی ہے۔ سائل کی شکایت براہ راست سنی جاتی ہے اور بعض اوقات فوری حل طلب شکایات کا موقع پر ہی فیصلہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ سائل حضرات اپنی شکایات کے فوری ازالے اور حصول انصاف کیلئے وفاقی محتسب کے دفتر سے رجوع کریں۔
