ڈپٹی کمشنرتسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کی جگہوں کی تسلسل کے ساتھ سرویلینس کو مزید تیز کریں اور اس کی تلفی کو سو فیصد ممکن بنایا جائے تا کہ ضلع کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے، انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہاٹ سپاٹ جگہوں کے ساتھ ساتھ قبرستانوں ، کباڑخانوں، ٹائر شاپس، جوہڑوں اور زیر تعمیر عمارتوں کی بھی خصوصی مانیٹرنگ کریں اور اس کے تصویری ثبوت بھی مہیا کئے جائیں۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 12 ستمبر2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر افتخار نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک،ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوری 2022سے لے کر اب تک 24مختلف جگہوں پر ڈینگی لاروا پایا گیااور وہاں پر فوری کارروائی کر کے کیمیکل اور مکینیکل لاروا سائیڈنگ کی گئی ہے جبکہ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 05ستمبر سے لے کر 10ستمبر 2022 تک 518 ٹیموں نے ان ڈور70 ہزار225 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ آﺅٹ ڈور 65 ٹیموں نے9 ہزار890 گھروں کو چیک کیا۔اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 3 لاکھ 12 ہزار 374 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت36 ہزار902 کنٹینرز چیک کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر47 نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔
بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاںنے کہاکہ انسدادڈینگی مہم پر سو فیصد عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے اور جسے ہم سب نے مل کراجتماعی کوششوں سے کامیاب بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیمیں ان ڈور ،آوٹ ڈور سرویلنس کے کام میں مزید بہتری لائیں کیونکہ منڈی بہاﺅالدین کو ڈینگی فری بناناضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ جن جگہوں سے لاروا برآمد ہو یااس کی افزائش کا باعث بننے والوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائی جائیں ، اس معاملے میں کسی قسم کی لاپروائی اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین اعوان، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین کاشف جلیل، سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات امتیاز احمد چودھری اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
